Live Updates

ماضی کے حکمرانوں نے سوائے نمودونمائش کے کچھ نہیں کیا،چوہدری محمد سرور

کام ہوتا تو آج ملک سرسے پائوں تک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا ، حکومت کو ابتدائی چھ ماہ میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ہم عوام کو ریلیف نہ دے سکے مگر اب حالات بہتر ہیں ،گورنر پنجاب موجودہ حکومت تاجروں کو ریلیف دینے میں مخلص ہے‘ تاجر طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ حکومت تاجروں و صنعت کاروں کو بہت ریفنڈکی رقم دے کر سرخرو ہو گی، زیڈ اے کارپوریشن ملز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے اظہار خیال

جمعرات 21 مارچ 2019 22:46

ماضی کے حکمرانوں نے سوائے نمودونمائش کے کچھ نہیں کیا،چوہدری محمد سرور
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے سوائے نمودونمائش کے کچھ نہیں کیا‘ اگر کیا ہوتا تو ملک آج سر سے پائوں تک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا‘ حکومت کو ابتدائی چھ ماہ میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ہم عوام کو کوئی ریلیف نہ دے سکیں مگر اب اللہ کا کرم ہو گیا ہے ہمارے دوست ممالک نے ہماری مدد کی ہے اور ہم اپنے پائوں پر کھڑے ہو چکے ہیں اب ہمارے سامنے عوام کو بہترین سہولیات دینے کے مختلف منصوبے ہیں جن پر بہت جلد عمل درآمد شروع ہو جائے گا موجودہ حکومت تاجروں کو ریلیف دینے میں مخلص ہے‘ تاجر طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ موجودہ حکومت تاجروں و صنعت کاروں کو بہت ریفنڈکی رقم دے کر سرخرو ہو گی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیڈ اے کارپوریشن ملز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زیڈ اے کارپوریشن ملز کے چیف ایگزیکٹوشیخ دانش علی‘ سی او کھرڑیانوالہ امتیاز اندھاوا‘ سابق تحصیل ناظم میجر عبدالرحمن رانا‘ ایم این اے شیخ خرم شہزاد‘ ابراہیم گروپ کے ڈائریکٹر شیخ مختار‘ ملک رضوان ستار‘میاں عمران‘ آصف خورشید‘ عاصم خورشید‘ احمد رضا بھلی‘ میاں عابدکمال‘ مبین مقبول کے علاوہ صنعت کاروں‘ تاجروں اور پی ٹی آئی کے ورکروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا زیڈ اے کارپوریشن ملز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں ملز کی مختلف حصوں کا وزٹ کروایا گیا‘ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعت کاروں اور ایکسپورٹروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے‘ ایکسپورٹرز کو اگر کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش ہو تو وہ میرے دروازے کھلے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت میں ڈال دیا ہے‘ اس راستے میں مشکلات ضرور آئیں گی مگر ہماری آنے والی نسلیں ہمیں دعائیں دیں گی‘ ۔

انہوں نے کہا کہ گبھرانے کی ضرورت نہیں اس وقت ملک کا نظم و نسق محفوظ اور ایماندار شخص کے ہاتھ میں ہے انشاء اللہ ہم آپ کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات