وزیراعظم نیوزی لینڈ نے حضرت محمد ﷺ کی حدیث سناتے ہوئے ان پر درود بھی بھیجا

مسلم کمیونٹی نے وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا کے اس اقدام کو خوب سراہا ، ویڈیو وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 مارچ 2019 13:21

وزیراعظم نیوزی لینڈ نے حضرت محمد ﷺ کی حدیث سناتے ہوئے ان پر درود بھی ..
نیوزی لیںڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2019ء) : نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر دہشتگردی کی المناک کارروائی کو ایک ہفتہ گزر گیا۔ سانحہ کو ایک ہفتہ گزر جانے پر نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام نے مسلم کمیونٹی نے سانحہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ میں اُس وقت ایک تاریخی لمحہ ریکارڈ کیا گیا جب کرائسٹ چرچ کی فضا اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اُٹھی ۔

نیوزی لینڈ میں ریڈیو اور ٹی وی پر اذان براہ راست نشرکی گئی۔سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد آنے والے پہلے جمعہ کی نماز کی ادائیگی مسجد النور کےسامنے ہیگلے پارک میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں افراد کا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن بھی سیاہ لباس میں ملبوس اور سر پر دوپٹہ اوڑھے موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہیگلے پارک میں موجود اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ خطاب سے قبل جیسنڈا نے حدیث مبارکہ کا ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس دوران ایک غیر معمولی بات نوٹس کی گئی کہ وزیراعظم نیوزی لینڈ نے حضرت محمد ﷺ کا نام لیتے ہوئے ان پر درود بھی بھیجا جس نے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ جیسنڈا آرڈن کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر مقبولیت بھی حاصل ہوئی جس میں انہوں نے The Prophet Muhammad کہنے کے بعد صلی اللہ علیہ وسلم بھی کہا۔

اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پر درود بھیج کر یہ ثابت کیا کہ اُن کے دل میں مسلمانوں کے لیے کتنی محبت اور احترام ہے۔

انہوں نے نہایت احترام سے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیا اور حدیث پڑھ کر سنائی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اکثر جب غیر مسلم پیغبمر اسلام حضرت محمد ﷺ کا نام لیتے ہیں تو یا تو صرف Prophet Muhammad کہتے ہیں یا پھر Prophet Muhammad کے ساتھ Peace Be Upon Him کہتے ہیں لیکن نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے خصوصی طور پر عربی زبان میں آںحضرت ﷺ پر درود بھیجا جو قابل تعریف ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں جمعہ کے روز ہیگلے پارک میں نمازِ جمعہ کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے حضور پاکﷺ کی حدیث مبارکہ پڑھ کر سناتے ہوئے اجتماع سے خطاب کیا۔ اس حدیث مبارکہ کا مفہوم تھا " حضور ﷺ نے فرمایا جو ایمان رکھتے ہیں،ان کی باہمی رحم دلی، ہمدردی اور احساس ایک جسم کی مانند ہوتا ہے۔ اگر جسم کے کسی ایک حصے کو بھی تکلیف ہوتی ہے تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے۔ '' وزیراعظم جیسنڈا نے حدیث مبارکہ پڑھنے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے دکھ میں شریک ہے اور ہم سب ایک ہیں۔