کھیلوں کے میدان میں سیاست کرنیوالے بھارت کو ایک بار پھر سبکی کا سامنا

انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس نے پاکستانی حور فواد کو ایشین ایونٹ میں براہ راست انٹری دیدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 24 مارچ 2019 12:38

کھیلوں کے میدان میں سیاست کرنیوالے بھارت کو ایک بار پھر سبکی کا سامنا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مارچ 2019ء) عالمی کھیلوں کی سطح پربھارت کو ایک اور سبکی اٹھانی پڑگئی ، انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے مودی سرکارکے رویے کے سبب جنوبی ایشیائی مقابلے سے محروم ہوجانے والی 11سالہ پاکستانی کھلاڑی حور فوادکوایشیائی ایونٹ کے لیے وائلڈ کارڈ اینٹری جاری کردی۔ایشین ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے تحت رواں سال جنوری میں بھارت کے شہرسونی پت میں ٹیبل ٹینس کے12 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کےلئے ساﺅتھ ایشیا ہوپزمقابلوں کا انعقاد ہوا، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کراچی کی 11 سالہ حور فواد کو مقابلے کے لیے نامزد کیا ، یاددہانی کے باوجودبھارتی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے دلاسے دیے جاتے رہے اورساﺅتھ ایشیا ہوپز کے آغاز سے چند روز قبل قومی فیڈریشن کو آگاہ کیا گیا کہ بھارتی حکومت نے 11 سالہ کھلاڑی کو اپنے ملک آنے کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکارکردیا ہے، اس فیصلے کے سبب پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے حور فواد کو مقابلوں میں شرکت کے لیے ویزہ دینے سے انکارکردیا جسکی وجہ سے وہ ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی فیڈریشن نے ٹیبل ٹینس کی عالمی تنظیم سے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے رویہ کو اولمپک چارٹر کی روح کے منافی قراردیا۔انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈیولمپنٹ پولانا چہون نے سیکریٹری پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن ایس ایم سبطین کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا کہ یہ بدقسمتی رہی کہ پاکستانی کھلاڑی ضابطہ کار کے مطابق مقابلے میں شرکت کرکے کوالیفائی کرنے کے حق سے محروم رہی ،آئی ٹی ٹی ایف نے حور فواد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسے وائلڈ کارڈ انٹری دینے کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت 11 سالہ حور فواد جنوبی ایشیائی مقابلہ کھیلے بغیر مئی میں تھائی لینڈ میں شیڈول ایشیا ہوپزمیں شرکت کی اہل قرار پائی ہیں۔