شارجہ میں مقیم پاکستانی کو بہادری پر شاندار اعزاز سے نواز دیا گیا

مظفر حُسین نے پولیس کومطلوب ڈاکو کا تعاقب کر کے گرفتاری میں مدد دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مارچ 2019 17:52

شارجہ میں مقیم پاکستانی کو بہادری پر شاندار اعزاز سے نواز دیا گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) متحدہ عرب امارات میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو دیارِ وطن سے دُور اپنے گھر والوں کے لیے رزق کما رہے ہیں۔ ان پاکستانیوں کا امارات کی ترقی میں بھی بہت اہم کردار ہے۔ اکثر پاکستانی اماراتی قانون کا احترام کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں اور جرائم کے خاتمے کے سلسلے میں بھی مقامی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔

ایسا ہی ایک پاکستانی مظفر حُسین نذر ہے جس نے ایک مطلوب ڈاکو کو دیکھ کر نہ صرف پولیس کو اطلاع دی بلکہ خود بھی اس ڈکیت کا پیچھا کر کے اُس کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔ جس دوران پولیس نے پہنچ کر اس ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔ اس خطرناک ڈاکو کو پکڑنے کے لیے پولیس کی مدد کرنے پر مظفر حُسین نذر کو شاندار ایوارڈ سے نواز دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شارجہ پولیس کے ڈپٹی جنرل کمانڈر بریگیڈیئر عبداللہ مُبارک بِن عامر نے اپنے دفتر میں مظفر حُسین کو بہادری کے اعزاز سے نواز دیا۔

یہ اعزاز وصول کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے۔ بریگیڈیر عامر کے مطابق پاکستانی تارکِ وطن کے اس بہادری بھرے کارنامے سے مملکت میں دُوسرے لوگوں کو بھی جرائم پیشہ عناصر کے سدِباب کے لیے پولیس سے تعاون کی ترغیب مِلے گی۔ مظفر حُسین کا یہ رویہ سماج میں موجود افراد کے مثبت کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔ مظفر حُسین نے پولیس کی جانب سے بہادری کے اعزاز سے نوازنے پر بہت شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُس کا یہ اقدام دُوسرے لوگوں کو بھی پولیس سے تعاون کرنی کی ترغیب دے گا۔