فوجی عدالتوں کا قیام نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں آیا، اپوزیشن نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ

بدھ 3 اپریل 2019 19:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام نیشنل ایکشن پلان کے تحت عمل میں آیا، اپوزیشن نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔

(جاری ہے)

بدھ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور (ن) لیگ نے ریفارمز کی بجائے میمو گیٹ اور ڈان لیکس جیسی سازشیں کیں، اپنے اپنے ادوار میں ان دونوں جماعتوں نے جان بوجھ کر عدالتی اصلاحات پر کوئی کام نہیں کیا، حزب اختلاف اہم قومی معاملات پر غیر سنجیدہ رویہ اپنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ جب اہم قومی معاملات پر بریفنگ کیلئے دعوت دی جائے تو بائیکاٹ کر دیتے ہیں، محض سیاست کرنے کی بجائے آج بھی اگر ان کے پاس کوئی معقول تجویز یا منصوبہ ہے تو سامنے لائیں، ان کا المیہ یہ ہے کہ اپنی کرپشن اور چوری بچانے میں مصروف رہے اور ضروری اصلاحات نہ کیں۔