شعیب ملک قومی فٹبالرز کی حمایت میں سامنے آگئے

فیفا پاکستان فٹبال کا تنازع حل کرنے میں کردار ادا کرے،ٹوئٹر پر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 اپریل 2019 12:36

شعیب ملک قومی فٹبالرز کی حمایت میں سامنے آگئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اپریل 2019ء) آل راﺅنڈر شعیب ملک بھی پاکستان میں فٹ بال کی صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہیں اور انھوں نے فیفا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کر سکے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا ہے کہ ”موجودہ حالات میں پاکستانی فٹ بالرزغیر یقینی کیفیت سے دوچار ہیں، فیفا سے درخواست ہے کہ اس مسئلے کا جائزہ لے تاکہ پاکستانی قوم اپنے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکے“۔

عالمی باڈیز کی نظر میں بدستور سید فیصل صالح حیات ہی پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کے آئینی صدر ہیں،اس صورتحال میں پاکستان پر معطلی کی تلوار لٹک رہی ہے، ورلڈ کپ کوالیفائرز سمیت انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان موجود ہے۔

(جاری ہے)

فیفا نے بھی پاکستان فٹبال کو فنڈز کی فراہمی روک دی ہے۔اشفاق حسین شاہ کی زیر سربراہی پی ایف ایف کی نئی قیادت کے انتخاب کے بعد ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی روک دی تھی جسکے بعد اب فیفا نے بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز نہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

فیفا کے ترجمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف ایف کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فیفا فارورڈ پروگرام کے تحت فنڈنگ روک دی گئی ہے ہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔رپورٹ کے مطابق ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اب اس معاملے پر مزید پیشرفت کا فیصلہ فیفا کی ممبرز ایسوسی ایشن کمیٹی کرےگی۔گزشتہ ماہ فیڈریشن کے انتخابات سے قبل فیفا نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پاکستان فٹبال فیڈریشن میں انتخابات کو ’تیسری قوت‘ کی مداخلت تصور کیا جائےگا جو فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ پاکستان کی رکنیت کو ایک مرتبہ پھر معطل کیا جا سکتا ہے جہاں اس سے قبل بھی اسی قانون کی خلاف ورزی پر اکتوبر 2017 ءسے مارچ 2018 ءتک پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ سال مارچ کے بعد سے پی ایف ایف کو ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور فیفا سے بالترتیب ساڑھے سات لاکھ ڈالرز اور 15لاکھ 80ہزار ڈالرز کے فنڈز موصول ہوئے تھے۔ان میں سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سال کے اختتام تک 21لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔