اٹلی،برسوں معذوری کا ڈرامہ رچانے والا شہری گرفتار

اتوار 14 اپریل 2019 13:00

اٹلی،برسوں معذوری کا ڈرامہ رچانے والا شہری گرفتار
روم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2019ء) اطالوی پولیس نے برسوں معذور بن کر حکومت سے وظیفہ لینے والے جعل ساز کو گرفتار کرلیا۔ گزشتہ 12 برس میں1لاکھ18ہزار پونڈکے فوائد حاصل کرچکاتھا۔ سکائی نیوز کے مطابق رابرٹو گولییلمی کو جعل سازی کا خیال اپنے معذور پڑوسی کو دیکھ کر آیا جسے حکومت ماہانہ وظفیہ دیتی تھی۔ بے روزگار رابرٹو نے متعلقہ ادارے میں خود کو معذور ظاہر کیا۔

اس نے جعلی میڈیکل رپورٹ بھی حاصل کر لی جس میں کہا گیا تھا کہ رابرٹو ٹریفک حادثے میں معذور ہو گیا۔ ریڑھ کی ہڈی میں لگنے والے چوٹ کے باعث وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہے۔ معذوروں کی کفالت کرنے والے ادارے کی جانب سے رابرٹو کو ماہانہ وظیفہ جاری کر دیا گیا۔ رابرٹو مخصوص ویل چیئر پر برسوں گھومتا رہا اس دوران اس کے پڑوسیوں اور عزیزوں کو بھی یہ شک نہ ہوسکا کہ وہ معذورنہیں۔

(جاری ہے)

اس قدر فنکاری سے خود کو معاشرے میں پیش کرتا رہا جیسے وہ حقیقی طور پر معذور ہے۔ اس نے اپنے پیروں کے مسلز کمزور کرنے کے لئے انجکشن کا سہارا لیا اور ڈاکٹروں کو بھی بے وقوف بناتا رہا۔بالاخر اسکی جعل سازی پولیس پر عیاں اس وقت عیاں ہو گئی جب رابرٹو سالانہ تعطیلات پر ٹوگو گیا جہاں سے واپسی پر وہ یہ بھول گیا کہ وہ معذوری کا ڈرامہ رچائے ہوئے ہے۔

رابرٹو چھٹیاں گزار کر فلورنس پہنچا تو بے خیالی میں چلتے ہوئے جہاز کی سیڑھیوں سے اتر گیا۔ فضائی کمپنی کے قانون کے مطابق معذور افراد کیلئے ویل چیئر جہاز کے دروازے تک پہنچائی جاتی ہے۔ اسے چلتے ہوئے دیکھ کر جہاز کا عملہ حیران رہا گیا کیونکہ انہیں ہدایات ملی تھی کہ رابرٹو معذور ہے اور وہ ایک قدم بھی چل نہیں سکتا۔ پولیس نے رابرٹو کو جعل سازی کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کردیا جہاں اسے حکومت کو دھوکا دینے کے الزام کا سامنا ہے، مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔