sصنعا: عرب اتحاد کا حوثیوں کے ڈرون طیاروں کے گودام پر حملہ

- کارروائی بین الاقوامی اور انسانی قوانین کے مطابق عمل میں آ رہی ہے ، کیمپ کے اطراف شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کر لیے گئے ہیں، عرب اتحاد

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:45

۔ صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) یمن میں آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے ہفتے کو علی الصبح اعلان کیا ہے کہ صنعا میں واقع دار الرئاسہ کیمپ میں ڈرون طیاروں کا نیٹ ورک تباہ کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔اتحاد نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی اور انسانی قوانین کے مطابق عمل میں آ رہی ہے اور کیمپ کے اطراف شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

عرب اتحاد نے ایک غار کے تباہ کر دیے جانے کا بھی اعلان کیا جس کو حوثی ملیشیا دار الرئاسہ کیمپ میں ڈرون طیاروں کے گودام کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔دوسری جانب یمنی فوج اتحادی طیاروں کی معاونت سے صعدہ صوبے کے شمال میں کتاف البقع ضلع میں نئے ٹھکانوں کو باغی حوثی ملیشیا کے قبضے سے آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئی۔

(جاری ہے)

یمن فوج کے میڈیا سینٹر کے مطابق فوجی یونٹوں نے حملے کے دوران وادی النخیل کے نزدیک نئے علاقوں کو آزاد کرا لیا۔

آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں اہم ترین جبل الشہدا اور مسطح کا ٹیلا ہے۔یمنی فوج کے اس حملے میں پانچ حوثی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ان کے علاوہ بقیہ باغی اپنے پیچھے ہتھیار اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہو گئے۔اس وقت حوثیوں کے گڑھ صعدہ صوبے کے آٹھ ضلعوں میں باغیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی دیکھی جا رہی ہے۔ اس دوران یمنی فوج نے بڑے پیمانے پر پیش قدمی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :