متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

منعقدہ تقریب میں ڈھائی ہزار ہندو زائرین کی شرکت،مندر 13.5 ایکڑاراضی پر تعمیر کیا جائے گا

اتوار 21 اپریل 2019 12:05

متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پہلے مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کے دارالحکومت ابو ظہبی میں منعقد تقریب میں بھارت اور یو اے ای حکام نے شرکت کی۔مندر کا سنگ بنیاد رکھنے سے قبل پوچا کی تقریب منعقد ہوئی جو صبح 11 بج کر 45 منٹ تک جارہی رہی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ یو اے ای اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے تقریباً ڈھائی ہزار ہندو زائرین نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز وسیع و عریض ٹینٹ میں ہوا جو مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ تھا۔ بی اے پی ایس سوامی نارائن سنستھا کے روحانی لیڈر مہنت سوامی مہاراج شیلانیاس ودھی نے تقریب کی صدرات کی جس میں متحدہ عرب امارات کے ڈائریکٹر کمیونٹی ڈولپمنٹ ڈاکٹر مغیر علی خلیلی، وزیر تبدیلی ماحولیات اور وزارت ہائیر ایجوکیشن کے وزیر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مندر کی تقریب سنگ بنیاد میں یو اے ای حکام اور بھارتی سفارتکار بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے مندر کی تعمیرات کے لیے جگہ بطور تحفہ فراہم کی تھی۔مندر 13.5 ایکڑ(55 ہزار مربع میٹر) اراضی پر تعمیر کیا جائے گا تاہم اتنی ہی بڑی اراضی مندر کے ساتھ پارکنگ کے لیے فراہم کی گئی۔مندر کی تعمیرات کی ذمہ داری کمیٹی بی اے پی ایس پر عائد ہوگی۔