دُبئی: چھوٹی بچی سے شرمناک حرکات پر بنگلہ دیشی نوجوان گرفتار

ملزم ایک بھارتی باشندے کے گھر صفائی کا کام کرنے آتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اپریل 2019 12:05

دُبئی: چھوٹی بچی سے شرمناک حرکات پر بنگلہ دیشی نوجوان گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) پولیس نے ایک بنگلہ دیشی نوجوان کو 6سالہ بچی کے ساتھ جنسی چھیڑچھاڑ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ بچی کے والد نے اس واقعے کی رپورٹ گزشتہ ماہ القصیص پولیس اسٹیشن میں کروائی تھی۔ بچی کے بھارتی والد نے بتایا کہ اُس کی بچی نے رات کو ضد کی کہ وہ اُس کے پاس سونا چاہتی ہے، بچی بہت ڈری ہوئی تھی۔ اُس نے والد سے کہا کہ اُسے صفائی والے سے بہت ڈر لگتا ہے، اُسے گھر نہ بُلایا جائے۔

جب باپ نے بیٹی کی یہ بات سُنی تو اُسے کچھ شک گزرا۔ اُس نے بیٹی سے پُوچھا کہ کیا مسئلہ ہے تو اُس نے بتایا کہ صفائی والا اُس کے ساتھ گندی گندی حرکتیں کرتا ہے۔ ملزم نے بچی کو دو بار جنسی چھیڑ چھاڑ کا نشانہ بناتے ہوئے اُس کے گال چُومے اور اُسے گلے سے بھی لگایا۔

(جاری ہے)

بچی نے بتایا کہ دو بار ایسا ہوا جب وہ ساتھ والے ہمسایوں کے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی، اس دوران بنگلہ دیشی نوجوان اُسے آ کر اپنے ساتھ لے گیا۔

رہائشی عمارت میں نصب کیمرے سے بھی اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ملزم بچی کو اپنے ساتھ لفٹ میں لے جا کر اُس سے غلط حرکتیں کرتا ہے۔ جب بھارتی شہری نے بنگلہ دیشی سے پُوچھ گچھ کی اور بچی کو ساتھ لے جانے کا مقصد پُوچھا تو اُس نے کہا کہ وہ تو محض مذاق کر رہا تھا، اُسے معاف کر دیا جائے۔ جس پر والد نے پولیس کو سارے واقعے سے مطلع کر دیا۔ ملزم کو 29 اپریل 2019ء کو اگلی سماعت کے دوران سزا سُنائے جانے کا قوی امکان ہے۔