لاہور کے علاقہ میں پولیو ورکر پر حملہ ،پولیو ورکر شدید زخمی ، میو اسپتال منتقل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اپریل 2019 14:27

لاہور کے علاقہ میں پولیو ورکر پر حملہ ،پولیو ورکر شدید زخمی ، میو اسپتال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : لاہور کے علاقہ میں پولیو ورکر پر حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں عامر روڈ پر موجود بھمبے جھگیاں کے علاقہ میں پولیو ورکر پر حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے پولیو ورکر لقمان پر چھُریوں کے وار کیے جس سے لقمان شدید زخمی ہو گیا۔ اہل علاقہ نے بیچ بچاؤ کروایا اور حملہ آور کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسری جانب پولیو ورکر لقمان کو شدید زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیو ورکر پر حملہ کرنے والے شخص سے متعلق مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ کافی عرصہ سے پولیو کے خلاف ایک مہم کا آغاز ہو چکا ہے جس کے سپاہی گمنام ہیں البتہ پولیو کے قطرے پلانے سے متعلق کافی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں اور ورکرز پر نامعلوم افراد حملہ آور ہوتے ہیں۔

ایسے ہی حملوں میں کئی پولیو ورکرز اپنی جانیں بھی گنوا چکے ہیں۔لیکن اس سب کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کی حوصلہ شکنی نہیں ہوئی اور پولیو کی ٹیمیں پہلے سے زیادہ جذبے اور ہمت کے ساتھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔