Live Updates

پاکستان کیخلاف ڈان لیکس جیسی زہریلی سازشیں کرنے والے پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عمر سرفراز چیمہ

منگل 23 اپریل 2019 22:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کی یادداشت محدود ہے یا وہ جان بوجھ کر حقائق سے نظریں چرا رہی ہیں، پاکستان کیخلاف ڈان لیکس جیسی زہریلی سازشیں کرنے والے پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر ڈان لیکس جیسی شرمناک سازش کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مریم اورنگزیب کی سرپرست خاتون کی سازش عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کیخلاف استعمال کی گئی، کلبھوشن یادو کے وکیل نے بھارتی جاسوس کو بچانے کیلئے مریم نواز کی ڈان لیکس کا سہارا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کو جغرافیے کا علم ہے نہ ہی تاریخ کا، جرمنی اور جاپان کی ایک دوسرے کے خلاف بدترین مخاصمانہ کارروائیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے، آج جرمنی اور جاپان دنیا کی صف اول کی معاشی طاقتیں بن چکی ہیں، جرمنی و جاپان گہرے معاشی و اقتصادی تعلقات سے بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعصب، تنگ نظر اور زبان دراز گروہ کامیاب خارجہ پالیسی کے ثمرات گوارا کرنے کو تیار نہیں، پاکستان نے مکران کوسٹل ہائی وے پر معصوم جوانوں کی لاشیں اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ایرانی قیادت کیساتھ نہایت دانشمندی سے دہشت گردی کا معاملہ اٹھایا، جتنی مرضی تکلیف ہو تحریک انصاف کی حکومت اپنا کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور معاشی ترقی کیلئے جو کچھ بھی بن پڑا کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات