پشتونخواملی عوامی پارٹی کا کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں سرعام منشیات فروشی اور پولیس اور ایگل اسکواڈ فورس کی جرائم دوستی کی مذمت

منگل 23 اپریل 2019 22:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر بالخصوص نواں کلی ، پشتون آباد، تختانی بائی پاس ، مسلم اتحاد کالونی ، شالدرہ ، پشتون درہ ، ہزار گنجی ودیگر ملحقہ علاقوں میں سرعام منشیات فروشی اور پولیس اور ایگل اسکواڈ فورس کی جرائم دوستی کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر اور پولیس کی گٹھ جوڑ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث آفیسران واہلکاروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سختی سے کارروائی کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ایک بار منشیات فروشی کا کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے منشیات فروشی کے اڈوں کے ساتھ ساتھ جوئے کھیلنے والے اڈوں میں بھی خاطر خواہ ا 4ضافہ ہواہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ اڈے سرعام چل رہے ہیں اور متعلقہ پولیس تھانے بجائے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے ان کی پشت پناہی ونگرانی کرتے ہوئے ہفتہ وار اور مہینہ وار بھتہ لیں رہے ہیں جبکہ رہی سہی کسر ایگل اسکواڈ فورس نے پوری کردی جو کہ گشت کرتے ہوئے منشیات فروشی اور جوئوں کے اڈے پر جاکر ان سے بھتہ لیں رہے ہیں اور انہیں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ نواں کلی ، کوٹوال قبرستان ، زرغون آباد فیزIاور زرغون آباد تھانے سے منسلک دیگر علاقے ، پشتون آباد ، مٹھا چوک ، شالدرہ ، حاجی غیبی روڈ، مشرقی ومغربی بائی ، مسلم اتحاد کالونی وگردنواح ، ہزار گنجی وگردنواح میں منشیات فروشی عروج پر جا پہنچی ہے جس کے منفی اثرات علاقے اور بالخصوص نوجوانوں پر بھی مرتب ہورہے ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چوری وڈکیتی اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی ایک وجہ منشیات کا استعمال اور جوئوں کے اڈوں پر کھیلنے والے متاثرہ افراد کا بھی ہے جو اپنے کھیل اور منشیات کی خریدی کیلئے ہر خطرے کو موڑ لیتے ہیں ۔پولیس تھانوں کی موجودگی میں جرائم کے اڈوں کا سرعام چلنا پولیس تھانے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام متعلقہ علاقوں کے پولیس تھانوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان منشیات جوئوں کے اڈوں کے خاتمے اور چوری وڈکیتی سمیت ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پر امن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔