پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،

اس کی بنیاد مشترکہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر ہے،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

بدھ 24 اپریل 2019 17:23

پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی بنیاد مشترکہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمدبن ابراہیم الشیخ کی قیادت میں سعودی وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے اور سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دفاعی شعبوں میں تعاون کو بھی انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے ہوئے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اپنے دورہ سعودی عرب کا ذکر کیا اور کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ پارلیمانی تعاون کو مزید بہتر کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو بھی دونوں ملکوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا اور اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ ان کے اس دورے سے دوطرفہ تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار ہونگی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات میں موجودہ بہتری کا سہرا شہزادہ محمد بن سلمان کو جاتا ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کے نتیجے میں بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتما د بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کی مضبوطی سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔

انہوں نے گوادر میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں سعودی وفد کی بھر پور شرکت پر چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب وقت آگیا ہے اے پی اے کو عملی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سینیٹ اور سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو بھی مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ یہ کونسل سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی سطح پر نتیجہ خیز اقدامات کرنے کیلئے معاون ثابت ہو گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کیلئے حج کوٹہ بڑھانے اور ویزہ فیس میں کمی کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 23 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور وفد کے اراکین کے اس دورے کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور دونوں ملکوں میں تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار ہونگی۔ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے انتہائی اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کا آپس میں ایک دوسرے سے باہمی محبت کا رشتہ ہے یہ تعلق نہ صرف مذہبی رشتے کی وجہ ہے بلکہ وہ پاکستانی جو مسلمان نہیں ہیں ان کے بھی سعودی عرب کے حوالے سے جذبات انتہائی قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو استحکام دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور شہزادہ محمد سلمان کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سینیٹ اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین ادارہ جاتی تعاون پر مثبت پیش رفت ہونی چاہیے۔ سعودی وفد کے اراکین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات فقید المثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان ایک الگ شناخت کا ملک ہے اور یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ حفاظ پاکستان سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر خطے کے ترقیاتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور سعودی عرب یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر پرتباک استقبال پر چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں سعودی وفد جب پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا تو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور دیگر سینیٹرز نے وفد کا استقبال کیا۔

وفد کے سربراہ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ ملاقات میں قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور محمد اعظم خان سواتی، سینیٹرز شیری رحمان، دلاور خان، احمد خان ،محمدعثمان خان کاکڑ اور سیکرٹری جنرل سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے۔