پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساہیوال اور لاہور میں ملاوٹ مافیا کیخلاف بڑا آپریشن

مضر صحت جوس و پلپ تیار کرنیوالی 3 جوس فیکٹریاں سیل، مشینری و سامان ضبط

جمعہ 26 اپریل 2019 01:10

لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر رمضان المبارک سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ساہیوال اور لاہور میں ملاوٹ مافیا کیخلاف بڑا آپریشن کیا،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میںفوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیاںکرتے ہوئے مضر صحت جوس اور پلپ تیار کرنیوالی 3 جوس فیکٹریاں سیل کردیں جبکہ16 ہزار کلو پلپ،11 ہزار لیٹر تیار مشروبات،2 ہزار لیٹر کیمیکلز ، فلیورز اور بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر لیا ،تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے رمضان المبارک سے قبل ملاوٹ مافیا کیخلاف لاہور اور ساہیوال کے مضافات میں کارروائیوں کے دوران مضر صحت جوس اور پلپ تیار کرنیوالی 3 جوس فیکٹریاں سیل کر دیں،لاہور میں کوٹ عبدالمالک کے قریب کاشف جوس فیکٹری جبکہ ساہیوال میں ندیم جوس و آفتاب جوس یونٹ کو سیل اورکارروائیوں کے دوران16 ہزار کلو پلپ،11 ہزار لیٹر تیار مشروبات،2 ہزار لیٹر کیمیکلز، فلیورز،مشینری اوربھاری مقدار میںخام مال ضبط کر لیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جوس کی تیاری میں کھلے رنگوں، کیمیکلز اور زائدالمیعاد فلیورز کا استعمال کیا جارہا تھا، جوسز پر غلط لیبلنگ،مس برانڈنگ جبکہ موقع پر فوڈ لائسنس اورملازمین کے میڈیکلز عدم موجودپائے گئے،برآمد شدہ ناقص اور مضر صحت جوسز کی بڑی سپلائی رمضان المبارک کیلئے تیار کی جا رہی تھی،کیپٹن (ر) محمد عثمان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام اپنے گردونواح میں نظر رکھیں اور ملاوٹ دیکھتے ہی اطلاع دیں،پنجاب فوڈ اتھارٹی کواطلاع بذریعہ ہیلپ لائن، فیس بک، موبائل اپلیکیشن یا ویب سائٹ درج کروائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک پنجاب کے خواب کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔