کسی بھی ملک کی ترقی میں صحافت کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے،علامہ حامدسعید کاظمی

جمعہ 3 مئی 2019 23:15

ملتان ۔03مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2019ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور و مفکرِ اسلام مذہبی سکالر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کسی بھی ملک کی ترقی میں صحافت کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اگر ہم ترقی پذیر ممالک کا جائزہ لیں تو یہاں صحافی برادری ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں زیادہ غیریقینی کا شکار ہے، یہاں صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں غیر ریاستی عناصر سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام اسپائر گروپ آف کالجز ملتان کیمپس میں منعقدہ سیمینار سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا جس کے مہمانان خاص میں معروف و سینیئر صحافی، دانشوراساتذہ کرام ودیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مہمانان خاص شوکت اشفاق، پروفیسر نسیم شاہد، سبطین رضا لودھی، ملک شہادت حسین، عادل نظامی، پروفیسر نعیم یٰسین، عمران اعظمی اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ آج پاکستان میں میڈیا اپنی بقا ء کی جنگ لڑ رہا ہے، میڈیا نے ہمیشہ عوامی واجتماعی مسائل کو اجاگر کیا اور عوام کو حقائق سے روشناس کروانے میں اپنا کردار ادا کیا الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت اپنی جگہ مگر پرنٹ میڈیا کے کردار کو فراموش نہی کیا جا سکتا ۔

آج صحافی مشکلات سے دوچار ہے وہ معاشی مشکلات میں جکڑا ہونے کے باوجود اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دے رہا ہے سب کے مسائل کو اجاگر کرنے والوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہی دے رہا اس وقت کئی صحافی بیروزگار ہوچکے ہیں ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سچ کی خاطر بیشمار صحافیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہمیں صحافی کی قربانیوں کی قدر کرنا ہوگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ عالمی یومِ آزادیِ صحافت درحقیقت یومِ ذمہ داری ہے صحافی کا فرض ہے کہ جب وہ اپنا قلم اٹھائے تو وہ ریاست کیخلاف نا لکھے اور کوئی ایسی بات اس کے قلم سے نا نکلے جو ملکی مفاد کیخلاف ہو آج سوشل میڈیا آزادی اظہار رآے کے تناظر میں شتر بے مہار ہوا پھرتا ہے جس کو لگام دینا انتہائی ضروری ہے۔