وہاڑی کے کالجز کے اساتذہ کے لیے ای لرن ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا انعقاد

دو روزہ پروگرام کا انعقاد پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ای لرن پروگرام کے تحت کیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 8 مئی 2019 21:47

وہاڑی کے کالجز کے اساتذہ کے لیے ای لرن ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا انعقاد
وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 8 مئی 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا ای لرن پروگرام طلباءاور اساتذہ کے لیے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر ِ اہتمام ای لرن پروگرام میں چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک کی تمام سائنس اور ریاضی کی کتب کو ڈیجیٹائز کر کے اس قابل بنا دیا گیا ہے کہ طلباءسکول اور کالج اوقات کار کے بعد گھر بیٹھ کر اپنے لیکچرز تیار کرسکتے ہیں۔

حکومت کے اس شاندار اقدام سے ٹیوشن مافیا کا خاتمہ نزدیک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انچارج ای لائبریری وہاڑی عدیل فاروق نے دو روزہ کالج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کے دوران کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ان تمام کتب کو ای لرن کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکسٹ بکس کے ساتھ ساتھ ٹیچرز گائیڈ اور پریکٹیکل بکس بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ای لرن کی کتابوں تک رسائی کے لیے انٹرنیٹ کا ہونا ضروری ہے لہٰذا اگر طلباءکے پاس گھر میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے تو طلباءای -لائبریری میں آکر ای لرن کو استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ دو روزہ ٹریننگ پروگرام ای لائبریری وہاڑی میں ضلع وہاڑی کے کالجز کے میل اور فی میل اسٹاف کے لیے منعقد کروایا گیا۔ اس ٹریننگ پروگرام میں ضلع بھر سے ریاضی، کیمسٹری، فزکس، بائیولوجی اور کمپیوٹر سائنس کے میل اور فی میل اساتذہ نے شرکت کی۔