وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزاکا بھیس بدل کر پمز ہسپتال کا دورہ

جمعہ 17 مئی 2019 16:28

وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزاکا بھیس بدل کر پمز ہسپتال کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے جمعہ کو بھیس بدل کر پمز ہسپتال کا دورہ کیا تاکہ ہسپتال میں مریضوں کو آنے والی مشکلات مسائل کے بارے خود اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔ ڈاکٹر ظفرمرزا او پی ڈی میں جا کر کائونٹر سے پرچی حاصل کرنے کے بعد مریضوں کی لائن میں کھڑے ہو گئے تاکہ ڈاکٹر اور ہسپتال کے عملہ کے رویوں کے بارے تفصیلی مشاہدہ کر سکیں۔

وزیر صحت متعدد مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں پوچھتے رہے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حقیقی معنوں میں اصلاحات اور تبدیلی کے ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم پاکستان نے میرا انتخاب کیا ہے، صحت کا شعبہ وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دورے کا مقصد خود مشاہدہ کرکے عوام کو سرکاری ہسپتال میں کن مشکلات سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مجھے بتایا گیا کہ رمضان کی وجہ سے مریضوں کا رش کم ہے، روزانہ تقریباً ہر شعبہ سی600 زائد مریض معائنہ کیلئے آتے ہیں، ہر شعبہ میں تقریباً پانچ ڈاکٹر ہوتے ہیں، ہر ڈاکٹر کے اردگرد 10، 12 مریض سر جھکا کر کھڑے ہوتے ہیں، یہ صورتحال ٹھیک نہیں ہے، میں نے 2 گھنٹے او پی ڈی میں گزارے اور حالات کا جائزہ لیا ہے، ڈاکٹر محنت کر رہے ہیں۔ ایک خاتون سے میری ملاقات ہوئی، مجھے اس کی کہانی سن کر بہت دکھ ہوا، اس نے بتایا کہ وہ بریسٹ کینسر کی مریضہ ہے، تین بھینسیں فروخت کرکے علاج کرانے آئی ہے، بھکر سے اس کا تعلق ہے۔

ڈاکٹرز اپنی کوشش کر رہے، مریضوں کا رش بہت زیادہ ہے، سٹاف کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پمز کی توسیع کی جائے گی، وسائل محدود ہیں، لوگوں کو ٹیسٹ باہر سے کرانے پڑتے ہیں، کچھ ٹیسٹ اندر بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے آنے کا مقصد کسی پر تنقید کرنا نہیں، علاج لوگوں کا بنیادی حق ہے، ڈاکٹرز اچھے ہیں، اپنی کوشش کر رہے ہیں، انشاء اللہ ہسپتالوں کو اپ گریڈ کریں گے، اصلاحات لا رہے ہیں۔

وزیر ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ میرے دانت میں تکلیف تھی اپنا علاج سرکاری ہسپتال سے کرا رہا ہوں تاکہ ہسپتال میں آنے والی مشکلات کا اندازہ ہو سکے، انشاء اللہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر فرد کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا وزیراعظم کا مشن ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو بیماری کے اخراجات اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے، ان کی ذمہ داری اٹھانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظام صحت کو بہتر بنانا میری دیرینہ خواہش تھی اور اس شعبہ میں انقلاب برپا کرنا میرا مشن ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اصلاحاتی ایجنڈا لا رہے ہیں۔