انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 17 مئی 2019 16:34

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا
نوٹنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2019ء) پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے  میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دونوں ٹیمیں ٹرینٹ برج سٹیڈیم،ناٹنگھم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے مدمقابل ہوں گی، سیریز میں میزبان ٹیم کو2-0 کی برتری حاصل ہے اور سیریز بچانے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

چوتھے ون ڈے کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں، تجربہ کار شعیب ملک نے 10 روز کی چھٹی کے بعد برسٹول میں ٹیم کو جوائن کیا لیکن وہ تیسرا ون ڈے نہ کھیل سکے تاہم آج ان کی ممکنہ طور پر آصف علی کی جگہ ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔محمد حفیظ بھی آج ٹیم کا حصہ ہوں گے، انہیں حارث سہیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ فہیم اشرف کی جگہ محمد حسنین کو آزمائے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

چوتھے ون ڈے کے ممکنہ کھلاڑیوں میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، عماد وسیم، محمد حسنین، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔انگلش کپتان این مورگن پر سلو اوور ریٹ کے سبب ایک میچ کی پابندی کے بعد جوز بٹلر ٹیم کی قیادت کریں گے اور دیگر ممکنہ کھلاڑیوں میں جیسن رائے، جیمز ونس، جو روٹ، بین سٹوکس، جو ڈینلی، عادل رشید، معین علی، ٹام کران، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

جب کہ دوسری جانب ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے انگلینڈ اینڈ ویلیز میں شیڈول ورلڈ کپ2019ءکے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے ۔میگا ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر(تقریبا 1.5ارب پاکستانی روپے) کی رقم رکھی گئی ہے، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم 14جولائی کو لارڈ کی بالکونی میں ٹرافی اٹھانے کے ساتھ ساتھ 4ملین ڈالرز(57کروڑ57لاکھ20ہزار پاکستانی روپے) کی انعامی رقم بھی جیتے گی،ایونٹ کی رنر اپ ٹیم2ملین ڈالرز(28کروڑ78لاکھ60ہزار پاکستانی روپے) کا چیک وصول کرے گی،سیمی فائنلز ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 8لاکھ ڈالرز(11کروڑ51لاکھ44ہزار پاکستانی روپے) کی انعامی رقم ملے گی،لیگ سٹیج پار کرنے والی تمام ٹیموں کو 1لاکھ ڈالرز(1کروڑ43لاکھ93ہزار پاکستانی روپے) دیئے جائیں گے جب کہ لیگ سٹیج میں میچ جیتنے والی ہر ٹیم کو 40ہزار ڈالرز(57لاکھ 57ہزار200پاکستانی روپے) کا چیک ملے گا ۔