عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایل ڈی اے عہدے سے فارغ ، 4گھنٹے ہتھکڑیاں لگا کر عدالتی تحویل میں رکھا گیا

ایل ڈی اے میں آوے کا آواہ ہی بگڑا ہوا ہے،جرات کیسی ہوئی جو عدالت کی معاونت کرنیوالے پر جانبداری کا الزام لگایا ‘جسٹس امیر بھٹی عدالت نے چار گھنٹے کے بعد محمد نعمان کی معافی منظور کر کے شوکاز نوٹس واپس لے لیا ، ڈی جی ایل ڈی اے کو نیا ڈائریکٹر تعینات کرنے کا حکم

جمعہ 17 مئی 2019 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایل ڈی اے محمد نعمان کی تحریری معافی منظور کر لی اور 4گھنٹے عدالتی تحویل میں رکھنے کے بعد گرفتاری کے احکامات واپس لیتے ہوئے ہتھکڑیاں کھلوا دیں تاہم عدالت نے ڈائریکٹر ایل ڈی اے کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے نیا ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

گزشتہ روز ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے مقامی شہری میاں خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ۔درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ایل ڈی اے ایگزمشین نہیں دے رہا ،استدعا ہے کہ عدالت ڈی جی ایل ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے ۔

(جاری ہے)

عدالت کے علم میں آیا کہ ڈائریکٹر ایل ڈی اے محمد نعمان نے عدالت میں درست معاونت کرنے پر لیگل ایڈوائزر وقار اے شیخ کی ڈی جی کو شکایات کی تھی ۔

لیگل ایڈوائزر وقار اے شیخ نے بتایا کہ ایل ڈی اے کے ڈائریکٹرز جان بوجھ کر شہریوں کو الاٹمنٹ جاری نہیں کرتے۔ جس پر جسٹس امیر بھٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپکی جرات کیسی ہوئی کہ عدالت کی معاونت کرنے والے پر جانبداری کا الزام لگایا ،شرم آنی چاہیے ،ایل ڈی اے کو دوسروں کو عدالتوں سے جھوٹ بولنے کا کہتے ہیں ،ایل ڈی اے میں آوے کا آواہ ہی بگڑا ہوا ہے ۔

ڈائریکٹر ایل ڈی اے محمد نعمان نے عدالت سے معافی مانگ لی ۔ تاہم جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ آپ معافی اپنے پاس رکھیں ،کس کی جرات ہے جو عدالت کے حکم میں رکاوٹ ڈالے ۔فاضل جسٹس کے حکم پر کمرہ عدالت میں ڈائریکٹر ایل ڈی اے محمد نعمان کو گرفتار کرلیا گیا اور انسپکٹر بندیشہ نے ڈائیریکٹر ایل ڈی اے کو ہتھکڑیاں لگا دیں۔جسٹس امیر بھٹی نے ڈی جی ایل ڈی اے کو فوری طلب کرلیا ۔

بعد ازاں ڈائریکٹر ایل ڈی اے نے عدالت سے تحریری معافی بھی مانگی جسے عدالت نے پھر سے مسترد کر دیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسطرح معافی مانگتے ہیں، معافی نامے میں بھی آپ انا کو لیکر بیٹھ گئے، ماہ رمضان میں نہیں چاہتا کہ تم جیل جائو ، آدھے گھنٹے میں لیگل ایڈوائزر وقار اے شیخ کو مطمئن کرو ورنہ جیل جائو گے۔عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ڈائریکٹر نعمان کا کیس نیب کو بھجوانے کا حکم دیا ۔

عدالت نے ڈائریکٹر نعمان کو عہدے سے ہٹانے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر نعمان کو کسی بھی اعلی عہدہ پر تعینات نہ کیاجائے، میں اس کا تحریری حکم جاری جاری کروں گا۔تاہم بعد ازاں عدالت نے ڈائریکٹر ایل ڈی اے نعمان کی معافی منظور کرتے ہوئے شوکاز نوٹس واپس لے لیااور 4گھنٹے عدالتی تحویل میں رکھنے کے بعد ڈائریکٹر نعمان کو جانے کی اجازت دیدی ۔عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو حکم دیا کہ ایل ڈی اے نیا ڈائریکٹر تعینات کریں ۔