ًعوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت کفایت شعاری اختیار کرے،مولانا زاہد قاسمی

Sمہنگائی نے عوام کو بھوک،افلاس اور فاقہ کشی پر مجبور کردیا ،ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے وفاق سمیت تمام حکومتوں کو سرکاری اخراجات میں کمی لانا چاہئے،چیئرمین علماء کونسل

جمعہ 17 مئی 2019 21:20

ذ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت خود سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرے۔ نبی کریم ﷺ اور خلفائے راشدین ؓ نے ہمارے لئے سادگی اور کفایت شعاری کی قابل تقلید مثالیں چھوڑی ہیں۔مہنگائی کے بحران نے غریب عوام کو بھوک،افلاس اور فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔

ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے وفاقی وصوبائی حکومتوں کو سادہ طرز زندگی اختیار کرکے سرکاری اخراجات میں کمی لانی چاہئے۔ سادگی اور کفایت شعاری ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔بیرونی قرضوں پر انحصار کی وجہ سے ہمارے توانائی،معدنیات،صنعت ومواصلات ،تعلیم،صحت جیسے شعبے تباہی کا شکار ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے نجات حاصل کئے بغیر پاکستان معاشی طور پر مستحکم نہیں ہوگا۔

بیرونی قرضے لیکر ملک کی معیشت کو مضبوط اور غربت کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہوگا اور پاکستان کو ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہوگا جہاں امیر وغریب میں کوئی فرق نہ ہو،غربت کی وجہ سے کوئی علاج سے محروم نہ ہو،مہنگائی کی بجائے عوام کو ریلیف ملے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے پورے عزم اور بلند حوصلے کے ساتھ ہمیں ایک قوم بن کر آگے بڑھنا ہوگا اورپاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔