امریکا، کینیڈا اور میکسیکو سے دھات کی درآمدات پر محصولات ختم کرنے پر متفق

اتوار 19 مئی 2019 10:05

واشنگٹن۔ 19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا اور میکسیکو سے فولاد اور ایلومینیم کی درآمدات پر سے محصولات ختم کرنے کے ایک سمجھوتے پر پہنچ گئی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی فولاد سازوں کے تحفظ کیلئے گزشتہ سال کئی ممالک سے ایسی دھاتوں کی درآمدات پر بھاری محصولات عائد کر دیئے تھے۔ امریکا کے تجارتی نمائندہ دفتر نے اعلان کیا کہ کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ محصولات ختم کرنے کیلئے ایک سمجھوتہ طے ہو گیا ہے۔

مذکورہ دونوں ممالک بھی امریکہ پر لگائے گئے جوابی محصولات ختم کر دیں گے۔

(جاری ہے)

اِس تازہ ترین اقدام سے امریکی حکومت کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ گزشتہ سال نومبر میں دستخط کیے گئے ایک نئے سمجھوتے کیلئے کانگریس سے منظوری حاصل کرنے میں ایک قدم نزدیک آ گئی ہے۔کئی قانون سازوں نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو پہلے مذکورہ دونوں ممالک کیساتھ دھاتوں پر محصولات سے متعلق اپنے تنازع کو حل کرنا چاہیئے۔صدر ٹرمپ نے ایک خطاب میں سمجھوتے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اِس سے امریکی معیشت کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ جاپان، چین اور دیگر ممالک سے فولاد اور ایلومینیم کی درآمدات پر امریکہ کے بلند محصولات برقرار ہیں۔