مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کااجلاس، واپڈا کے ناروارویہ کی مذمت

اتوار 19 مئی 2019 16:25

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کااجلاس زیرصدارت صدر راجہ اخترعلی منعقدہواجس میں سہیل اعظمی ، چوہدری محمدجمیل ، محمدرمضان ، محمدنواز ، جنابات خان ، محمداشرف ، محمدنعیم ، کریم نواز ، چوہدری خلیل نمبردار ، امان اللہ ، حنیف کوبرا ، غلام سبحانی، شیر خان ، عبدالقدوس ، محمدسعید ودیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میںواپڈا ڈیرہ کی جانب سے صارفین پر ناجائزبھاری جرمانوں اورآپریشن کے دوران اورٹرانسفارمرز کی تبدیلی ، مرمتی کے وقت تمام علاقے کی بجلی کو بندکرنا اوراڈے کاٹنے کی مذمت کی گئی ۔اجلاس میں پیسکو واپڈااہلکاروں کی طرف سے رات کے اوقات میں ڈیرہ اسماعیل خان جیسے دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ سے متاثرہ حساس علاقے میں بجلی چوروں کے خلاف چھاپے مارنااورلوگوں کودروازے بجاکرڈراناکسی دہشت گردی سے کم نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

لوگ واپڈا کے اس اقدام پرخوف کے مارے دروازہ نہیں کھولتے کہ باہر کھڑے لوگ دہشت گرد ہیں یاواپڈااہلکاراس لیے فوری طورپرچیف ایگزیکٹوپیسکوخیبرپختونخوا، کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت اورڈپٹی کمشنر محمدعمیرومنتخب نمائندے اس سلسلے کو فوری طورپر بندکرائیںاوردن کے اوقات میں یہ چھاپے ضرور مارے جائیں تاکہ کسی کوکوئی تکلیف بھی نہ ہو۔ تاجران نے مطالبہ کیاکہ چوروں کے خلاف آپریشن قابل تعریف ہے لیکن دسرے دن کنڈے دوبارہ ملی بھگت سے لگ جاتے ہیں۔

تاجران نے مطالبہ کیاہے کہ جب تک واپڈا کی کالی بھیڑوں کاصفایا ، احتساب نہیں ہوتا چوری بندنہ ہوگی ۔ انہوں نے ڈیرہ کے علیحدہ واپڈا سرکل کے فوری قیام اوربلوںکی قسط کوجاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ تاجران نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے علاوہ ٹرپنگ کاخاتمہ قابل تعریف ہے۔ مرکزی تاجر ان کے اجلاس میں علیحدہ سرکل اوراصلاح احوال کا پرزور مطالبہ کیاگیا۔