مون سون سیزن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ کے تحت 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، عرفان نیازی

پیر 20 مئی 2019 12:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) مون سون سیزن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ کے تحت 3لاکھ پودے لگائے جائیں گے،شجر کاری مہم میں سی ڈی اے عملہ کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علم بھی حصہ لیں گے۔سی ڈی اے کے شعبہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل عرفان نیازی نے '' اے پی پی'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے اور اب تک تین لاکھ سے زیادہ مقامی پودوں جن میں شیشم، بیر، کیکر، سکھ چین اور دیگر کی شجرکاری کی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پودوں کی مناسب دیکھ بھال کے لئے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں تین ہزار سے زائد ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے جو باقاعدگی سے پودوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور ضرورت کے مطابق پودوں کو پانی بھی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین منصوبہ کو مثالی انداز میں پیش کرنے کے لئے سی ڈی اے کا شعبہ ماحولیات دن رات کام کر رہا ہے اور مون سون کا سیزن شروع ہوتے ہی تین لاکھ سے زائد مزید مقامی پودے لگائے جائیں گے کیونکہ مقامی پودے سایہ دار ہونے کے ساتھ ماحول دوست بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم میں سی ڈی اے عملہ بھر پورانداز سے حصہ لے گا جبکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق مہم کے دوران وفاقی دارلحکومت کے مختلف تعلیمی اداروں کے طالبعلموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔عرفان نیازی نے کہا کہ ہماری بھرپورکوشش ہے مقامی پودوں کی شجرکاری کی جائے کیونکہ درآمد شدہ پودوں کی نسبت مقامی درخت زیادہ ماحول دوست ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں موجود پارکوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر پودے لگائے گئے ہیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جارہی ہے ، سڑکوں کے اطراف گرین بیلٹس پر بھی پودوں کی نشوونما کا باقاعدگی سے خیال رکھا جا رہا ہے۔