ایسے کاشتکار جنہوں نے ابھی کپاس کی بجائی نہیں کی وہ بجائی سے پہلے بیج کو زہر لگائیں۔ڈاکٹر زاہد محمود

پیر 20 مئی 2019 17:52

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے ابھی کپاس کی بجائی نہیں کی وہ بجائی سے پہلے بیج کو زہر لگائیں جس سے فصل 35-40دن تک رس چوسنے والے کیڑوں خصوصا ً سبز تیلے اور تھرپس کے حملہ سے محفوط رہے گی اور کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ صرف گورنمنٹ سے منظور شدہ کپاس کی اقسام ہی کاشت کریں اور شرح بیج کا تعین اگائو کے حساب سے کریں۔

ان خیالات کااظہارڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میںسوموار کے روز فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میںکپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے کپاس کی کاشت و نگہداشت سے متعلق 31مئی تک کی سفارشت کی پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر زاہد محمود نے کہاکہ کپاس کے کاشتکار موسمی حالات کے پیش نظر بجائی کے وقت کا انتخاب کریں اور بارش کی ممکنہ پیش گوئی بارے آگاہی رکھ کر آبپاشی کریں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے کھیتوں میں پیدا ہونے والی جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کے لئے مئوثر اقدامات کئے جائیں اور اگر جڑی بوٹیوں کا بروقت خاتمہ نہ کیا جائے تو یہ کپاس کی پیداوار میں 75%فیصد تک کمی کا باعث بنتی ہیںاور بجائی کے وقت جن کاشتکاروں نے کھاد استعمال نہیں کی تو ایسے کاشتکار چھدرائی اور جڑی بوٹیوں کے تدارک کے بعد ایک بوری ڈے اے پی یا نائٹروفاس بذریعہ ڈرل یا آبپاشی کے ساتھ استعمال کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اپریل کاشتہ کپاس کے ایسے علاقہ جات جہاں تھرپس اور سبز تیلے کا حملہ ہو چکا ہے تو کاشتکار تھرپس کے حملہ کی صورت میں کلورفیناپائر100ملی لٹر مقدار فی ایکڑ 100لٹر پانی میں ملا کرسپرے کریں جبکہ سبز تیلے کے حملہ کی صورت میںنائٹن پائرم40گرام یا200ملی لٹر مقدار فی ایکر 100لٹر پانی میں ملاکر سپرے کریں۔ سی سی آر آئی کے سروے رپورٹ کے مطابق کچھ علاقہ جات میں جہاں فصل پھل اٹھا رہی ہے وہاں گلابی سنڈی کا حملہ پایا گیا ہے تو کاشتکار گلابی سنڈی کے حملہ کی صورت میں سپینٹورام100-120ملی لٹر مقدار فی ایکڑ100لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں ۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کپاس کے کاشتکار اپنی فصل کا ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکائوٹنگ ضرور کریں۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ،ڈاکٹر محمد ادریس خان،ڈاکٹر فیاض احمد ،ساجد محمود اور جنید احمد ڈاہا ،سائنٹفک آفیسر نے شرکت کی۔ سی سی آر آئی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ چوتھا اجلاس یکم جون کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔