چیئرمین سینیٹ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم صالم الاصابی سے ملاقات

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ استعداد موجود ہے، محمد صادق سنجرانی

منگل 21 مئی 2019 14:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کی بے پناہ استعداد موجود ہے، دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے موجودہ وسائل کو موثر استعمال میں لا کر بہتری لا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم صالم الاصابی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی و بین الاقوامی سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے عرب امارات کی فیڈرل نیشنل کونسل کے سپیکر کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کو عرب امارات کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی و ثقافتی اقدار مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کو پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی ترقی اور سرمایہ کاری کا بہترین مرکز بن چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جس سے بھر پور مستفید ہو ا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے پر زور دیا گیا۔