چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے، پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر چینی ہم منصب سے گفتگو

بدھ 22 مئی 2019 11:10

بشکک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے، پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، ہمیں قومی سلامتی کے معاملات درپیش ہوں یا علاقائی امن و استحکام کی بات ہو چین کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب مسٹر وانگ ژی سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے۔

(جاری ہے)

پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں قومی سلامتی کے معاملات درپیش ہوں یا علاقائی امن و استحکام کی بات ہو چین کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس فورم کی کامیابی عالمی برادری کا چین کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو چائینہ کے سترہویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔