منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے 3سو سے زائد مستحق خاندانوں کیلئے رمضان پیکیج

آغوش آرفن کیئر ہوم عظیم منصوبہ ہے ، ہزاروں ذہین بچوں کو تعلیمی وظائف دئیے گئے،ایم ڈبلیو ایف حق داروں تک ان کا حق پہنچارہی ہے :سید امجد علی شاہ

بدھ 22 مئی 2019 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے گزشتہ روز منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 300سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مستحقین کی مدد بہترین عمل اور عبادت ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کا ویژن ہے کہ خدمت خلق ہی خدمت دین ہے، خدمت خلق کے دینی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن پاکستان اور پاکستان سے باہر اصلاحی، فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے،راشن حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں نے منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وائس کی سربراہ ثناء وحید بھی موجود تھیں۔منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ڈائریکٹر سیدامجد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے متعدد فلاحی منصوبہ جات پر کام کررہی ہے، رمضان المبارک کے مہینے میں مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم ان میں سے ایک ہے ،انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر تعلیم، صحت، صاف پانی ،اجتماعی شادیوں ،اجتماعی قربانیوں کے حوالے سے سالہا سال تقاریب منعقد کرتی ہے اور حق داروں تک ان کا حق پہنچانے کے لیے وسیلہ بنتی ہے، انہوں نے بتایا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا خدمت خلق کا ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کے سنٹر لاہور ،کراچی کے بعد ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی قائم کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذہین مستحق بچوں کے لیے بڑے پیمانے پر تعلیمی وظائف فراہم کیے جارہے ہیں، منہاج القرآن کا یہ تعلیمی ویژن ہے کہ پڑھے لکھے پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے ہر غریب خاندان کے بچے پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے جائیں اور اس ضمن میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن دن رات کوشاں ہے ،ہزاروں بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے جا چکے اور ہر سال سینکڑوں بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مخیر حضرات اور سول سوسائٹی کے ذمہ داران کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات بالخصوص آغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ کریں ۔