راس الخیمہ: خاتون باس نے ملازم کو ڈی پورٹ کرانے کے لیے اس کی گاڑی میں منشیات رکھوا دی

اعانتِ جُرم کے معاملے میں خاتون باس،اُس کے خاوند اور بھانجے کو بھی گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 مئی 2019 11:11

راس الخیمہ: خاتون باس نے ملازم کو ڈی پورٹ کرانے کے لیے اس کی گاڑی میں ..
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 مئی 2019ء) پولیس نے ایک خاتون باس کواپنے ملازم کی گاڑی میں منشیات رکھنے کی سازش کرنے پر حراست میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خاتون باس اپنے ملازم کو منشیات کے کیس میں پھنسا کر اُسے گرفتار اور پھر ڈی پورٹ کروانا چاہتی تھی۔ تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش کیے جانے پر پتا چلا کہ ملازم کے خلاف یہ سازش خاتون باس، اُس کے خاوند اور بھانجے نے تیار کی تھی جس کے لیے انہوں نے ایک نشے کے عادی شخص کی خدمات حاصل کی تھیں۔

حقیقت سامنے آنے پر ان چاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گاڑی میں نشہ آور اشیاءرکھنے والے ملزم نے عدالت کو بتایا کہ جب میں نے یہ حرکت کی تو اُس وقت میں نشے کی حالت میں تھا۔ اور مجھے بالکل ہوش نہیں تھی کہ میں کیا کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

دُوسری جانب خاتون باس اور دیگر ملزمان کے وکیل نے اپنے مو¿کلان کی صفائی میں کہا کہ اُن کا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اُنہوں نے منشیات کے عادی شخص سے یہ حرکت کروائی ہے۔

تاہم استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ خاتون باس کے خاوند نے دورانِ تفتیش اس واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ جس پر ملزمان کے وکیل نے مو¿قف اپنایا کہ خاوند نے اپنی بیوی کو پولیس کی جرح کے تذلیل آمیز مرحلے سے بچانے کے لیے وقتی طور پر الزام قبول لیا تھا، مگر حقیقت میں اُن کا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عدالت کی جانب سے اس مقدمے کا فیصلہ 29 مئی 2019ءکو سُنایا جائے گا۔