Live Updates

چئیرمین نیب کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کیے جانے کا معاملہ، وزیراعظم نے اپنے مشیر خاص کو برطرف کر دیا

نجی ٹی وی چینل پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کیخلاف جنسی ہراسگی کی جھوٹی خبر نشر کی گئی، طاہر اے خان پر الزام ہے کہ وہ اس معاملے میں ملوث تھے

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 مئی 2019 01:02

چئیرمین نیب کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کیے جانے کا معاملہ، وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2019ء) چئیرمین نیب کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کیے جانے کا معاملہ، وزیراعظم نے اپنے مشیر خاص کو برطرف کر دیا، نجی ٹی وی چینل پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کیخلاف جنسی ہراسگی کی جھوٹی خبر نشر کی گئی، طاہر اے خان پر الزام ہے کہ وہ اس معاملے میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل پر چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف چلائی جانے والی جھوٹی خبر کے معاملے پر نوٹس لیا ہے۔

وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے مشیر خاص طاہر اے خان کو برطرف کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نجی ٹی وی چینل پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کیخلاف جنسی ہراسگی کی جھوٹی خبر نشر کی گئی۔ وزیراعظم کے مشیر طاہر اے خان پر الزام ہے کہ وہ اس معاملے میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

اسی باعث وزیراعظم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے طاہر اے خان کو برطرف کر دیا ہے۔

دوسری جانب قومی احستاب بیورو (نیب) نے نیوز ون ٹی وی پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ قرار دیا ہے اور مقف اختیار کیا ہے کہ یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد نیب اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ نیب کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب نے تمام دبائو اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے اس بلیک میلر گروپ کے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف ریفرنس کی بھی منظوری دے دی ہے۔

نیب نے کہا ہے کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس بلیک میلر گروپ کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں 42 ایف آئی آرز درج ہیں جن میں بلیک میلنگ، اغواء برائے تاوان، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے ، نیب اور ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے لوٹنے کے ثبوت نیب کے پاس موجود ہیں، موجودہ خبر بھی بلیک میلنگ کر کے نیب کے ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے، اس مذکورہ بلیک میلر گروپ کا سرغنہ فاروق اس وقت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہے۔ اس کے علاوہ نیوز ون ٹی وی نے بھی اپنی خبر کی تردید اور اسے حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت کی ہے جو صحافتی اصولوں کے عین مطابق ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات