موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر ''ہم سفر'' ایپلی کیشن کا نیا ورژن لانچ کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 مئی 2019 11:42

موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 مئی 2019ء) : وزارت مواصلات نے موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے افراد کو خوشخبری سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر ''ہم سفر'' ایپ کا نیا ورژن لانچ کر دیاگیا ہے۔ سفری سہولتوں کے لئے بنائی گئی ایپلی کیشن ''ہم سفر'' کو آئی اوایس آپریٹنگ سسٹم پر متعارف کروایا گیا ، انٹیلی جینٹ انٹرفیس وائس سسٹم پر مشتمل ایپلی کیشن اب آئی فون صارفین کو بھی دستیاب ہوگی ۔

اس سے قبل یہ ایپلی کیشن صرف اینڈرائیڈ صارفین ہی استعمال کر سکتے تھے۔ موبائل صارفین ایمرجنسی میں موٹروے کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ ایپ مسافر کا ہنگامی پیغام فوری طور پر کنٹرول روم تک ٹرانسمٹ کرتی ہے، جس سے موٹر وے پر موجود امدادی ٹیمیں مسافروں کی بروقت مدد کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایپ کے ذریعے امدادی ٹیم کی روانگی اور موجودہ لوکیشن مسافر براہ راست مانیٹر کر سکتا ہے جبکہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے سفر سے پہلے بارش، دھند، ٹریفک کی صورتحال بھی معلوم کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں موٹروے اور این ایچ اے کے اشتراک سے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن کی تیاری کے بعد ایپلی کیشن کا اجرا کیا گیا تھا۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) اور موٹروے پولیس کی جانب سے موبائل ایپلی کیشن'' ہم سفر'' کا آغاز کیا گیا۔ موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے اشتراک سے ''ہم سفر'' ایپ کا اجرا کیا۔

مسافروں کی سہولت کے لیے موبائل ایپ کا اجرا کیا گیا ۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ دوران سفر مسافروں کو ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کیے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ روڈ نیٹ بڑھانے اور محفوظ کرنے سے کاروباری مواقع بڑھتے ہیں۔ ہمارا مقصد لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ تاہم اب اس ایپلی کیشن کا نیا ورژن متعارف کروا دیا گیا ہے جس کے تحت اب نہ صرف اینڈرائیڈ صارفین بلکہ آئی فون صارفین بھی اس ایپلی کیشن سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔