چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز نے غیر موزوں مقامات پر واقع پٹرول پمپوں سے گاڑیوں کے لئے تیل کی خریداری اور نامناسب مقام پر پارکنگ یارڈ کے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی

جمعہ 24 مئی 2019 16:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے غیر موزوں مقامات پر واقع پٹرول پمپوں سے گاڑیوں کے لئے تیل کی خریداری اور نامناسب مقام پر پارکنگ یارڈ کی وجہ سے تیل کے زیادہ اخراجات کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی مزید اور تفصیلی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

یاد رہے کہ شعبہ پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ سے وابستہ انجینئر تراب شاہ نے ڈبلیو ایس ایس پی گاڑیوں کو دور پارکنگ یارڈز میں کھڑی کرنے اور ان میں مختلف پٹرول پمپوں سے تیل ڈلوانے کے بارے میں تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھیجی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ غیر موزوں مقامات پر پارکنگ یارڈ اور پٹرول پمپوں سے تیل کی خریداری پر زیادہ اخراجات آرہے ہیں اگر ڈمپنگ سائٹ روٹ اور ڈبلیو ایس ایس پی حدود کے قریب واقع پٹرول پمپوں سے تیل خریدا جائے تو آپریشنل اخراجات میں کافی حد تک کمی لائی جاسکتی ہے، رپورٹ میں بہتر انتظامات اور اخراجات میں کمی لانے کے لئے دیگر سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ رپورٹ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہی کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے جنہوں نے تیل کے اخراجات میں کمی لانے کا حکم دیا تھا۔ جنرل منیجر ایچ آر ایڈمن نے چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر انجینئر تراب شاہ کی سربراہی میں چیف انٹرنل آڈیٹر اور سینئر منیجر ایم آئی ایس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے تیل کے اخراجات میں بہتر انتظامات کے ذریعے مزید کمی لانے، غلط کام میں ملوث اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی سفارشات مرتب کرے گی علاوہ ازیں گاڑیوں کے بہتر استعمال، ڈرائیوروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی غرض سے استعداد کار بڑھانے کے لئے ایس او پیز تیار کئے جائیں گے تاکہ تیل کے اخراجات میں مزید کمی لائی جاسکے جبکہ متعلقہ افرادی قوت کے استعمال کا بہتر انتظام بھی کیا جاسکے۔

کمیٹی فلیٹ افسران کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے بھی سفارشات مرتب کرے گی فلیٹ افسران کمیٹی کے چیئرمین کو رپورٹ کریں گے جبکہ چیئرمین براہ راست چیف ایگزیکٹو کو جوابدہ ہوگا۔ جبکہ ملازمین ،ڈرائیور،عملہ صفائی سے چھہ گھنٹے مکمل کام لینے کو یقینی بنانے لے لیئے بھی سفارشات مرتب کرے گی جس سے کمپنی کی کارکردگی اور استعداد کار میں خاطر خوا بہتری آئیگی۔ انجنئیر تراب شاہ کے مطابق موذوں پمپوں ، بہتر اور موثر چیک اینڈ بیلنس، اور صفائی گاڑیوں کے لئے موزوں جگہ پر پارکنگ کا انتظام ایسے قدامات ہونگے جس کے دوررس نتائج برآمد ہونگے اور کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوگی۔