سیدو شریف کو ٹنل کے ذریعے جی ٹی روڈ سے ملانے کا پلان تیار

جمعہ 24 مئی 2019 16:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سیدو شریف کو براہ راست جی ٹی روڈ رحیم آباد سے ملانے کیلئے پلان تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت کروڑوں روپے کی لاگت سے جلد ہی سوات میں پہلے ٹنل پر کام کا آغاز ہوگا اس منصوبے کی وجہ سے ایک طرف فاصلہ کم ہوگا اور ٹریفک مسائل میں کمی ہوگی تو دوسری طرف سیدو شریف کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا ۔

وہ اپنے دفتر میں سیدو شریف میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلعی کونسلر سہیل سلطان ایڈوکیٹ نے انہیں عوام کے مسائل اور مشکلات سے اگاہ کیا اور علاقے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے جاری کاموں پر فضل حکیم خان کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر فضل حکیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدو شریف کو تحصیل بابوزئی کا ماڈل یونین کونسل بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اب کروڑوں روپے کی لاگت سے قمبر جی ٹی روڈ پر حیم آباد کے قریب ایک ٹنل کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے سیدو شریف کو لنک کیا جائے گااس سے ایک طرف مینگورہ شہر میں ٹریفک کے اژدھام اور دیگر مسائل میں کمی آئیگی تو دوسری طرف سیدو شریف کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سوات کی تاریخ کا پہلا ٹنل ہوگا جس کو ہم زیادہ سے زیادہ خوبصورت اور با سہولت بنانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے، ٹنل کی تعمیر کے علاوہ کوہستان گٹ کو گلکدہ اور صابونے اور دیگر علاقوں سے ملانے والے روڈ کی تعمیر پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ دونوں اطراف میں ٹریفک کی روانی آسان بنے جبکہ سیدو شریف میں سٹریٹس لائٹس اور دیگر سکیموں کو بھی آئندہ اے ڈی پی میں شامل کردیا گیا ہے جس سے علاقے کے عوام کے مسائل اور مشکلات میں خاطرخواہ کمی آئیگی۔

متعلقہ عنوان :