ہری پور اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی تہس نہس کر کے رکھ دی

ہفتہ 25 مئی 2019 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) ہری پور اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی تہس نہس کر کے رکھ دی۔ گذشتہ روز عصر کے وقت ہری پور اور نواحی علاقوں میں تیز طوفانی بارش سے بجلی اور ٹیلی فون کا نظام شدید متاثر ہوا جبکہ علاقہ بھر میں بارش کا زور اس قدر شدید تھا کہ مقامی سطح پر نکاسی آب کا نظام اس کا دبائو برداشت نہ کر سکا اور بارش کا پانی کئی فٹ تک سڑکوں اور گلیوں سے گذرتا ہوا ایک سیلابی صورت اختیار کر گیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ پانی راستہ نہ ملنے کے باعث قریبی مکانوں اور گھروں میں بھی داخل ہوا جس سے آمدورفت اور ٹریفک کی روانی میں کئی گھنٹوں تک خلل رہا۔ افطار کی خریداری کیلئے دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے نماز عصر کے بعد جب اپنا سامانا سجایا اور خریدار آنا شروع ہوئے تو تیز طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سڑکوں پر سیلابی شکل اختیار کر لی، کئی تھڑے بانوں کی سبزی و فروٹ سمیت دیگر اشیاء پانی میں بہہ گئی، بارش کا سلسلہ مغرب تک جاری رہا جس سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔