مائیکل کلارک نے بابراعظم کو ’پاکستان کا کوہلی‘ قرار دے دیا

بابر نے افغانستان کے خلاف پہلے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں 112 کی اننگز کھیلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 مئی 2019 13:36

مائیکل کلارک نے بابراعظم کو ’پاکستان کا کوہلی‘ قرار دے دیا
برسٹل(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی 2019ء) سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بابراعظم کو ”پاکستان کا کوہلی‘ قرار دے دیا۔سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک بھی پاکستانی بیٹسمین بابراعظم کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے، بابر اعظم نے افغانستان کے خلاف پہلے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں 112 کی اننگز کھیلی۔اس عمدہ کاوش پر مائیکل کلارک نے بابر اعظم کو ”پاکستان کا ویرات کوہلی“ قرار دے دیا، بابر نے 108 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکے اور 2چھکے بھی جڑے، میگا ایونٹ میں پاکستان کو نوجوان بیٹسمین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔

ادھر کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغان ٹیم نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلینڈ میں کرکٹ کے میگا ایونٹ کا آغاز 30 مئی سے ہوگا لیکن اس سے قبل تمام ٹیمیں پریکٹس کے لیے وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں، اپنے پہلے میچ میں پاکستان کا ٹاکرا برسٹول کے گراﺅنڈ میں افغانستان سے ہوا جہاں پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 ویں اوور میں 262 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کی قلعی کھل گئی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 32، فخرزمان 19، حارث سہیل 1، محمد حفیظ 12 ، شعیب ملک 44، سرفراز احمد 13، عماد وسیم 18، حسن علی 6 اور شاداب خان ایک رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 112 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے محمد شہزاد اور حضرت اللہ نے اوپننگ کی، شہزاد نے 25 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جب کہ حضرت اللہ 28 بالز پر 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شاداب خان کی بال پر شعیب ملک نے انہیں کیچ آﺅٹ کیا۔رحمت شاہ نے 49 گیندوں پر 32 رنز، سمیع اللہ شنواری نے 22، اصغر افغان نے 7، محمد نبی نے 34، گلبدین نائب نے دو رنز بنائے جب کہ نجیب اللہ نے ایک رنز بنایا۔ چوتھے نمبر پر آنےوالے حشمت اللہ شاہدی نے میچ کی فتح میں کردار ادا کیا اور 102 بالز پر 74 رنز سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔افغان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 263 رنز کا ہدف دو بال قبل ہی حاصل کرلیا جب کہ اسے تین وکٹوں کی سبقت حاصل رہی۔