پاکستانی ٹیم کی بد ترین کارکردگی نے سر ویون رچرڈز کو بھی غمزدہ کردیا

آج جو میں نے پاکستان کی کارکردگی دیکھی اس سے بہت مایوس ہو ں:لیجنڈری کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 31 مئی 2019 18:23

پاکستانی ٹیم کی بد ترین کارکردگی نے سر ویون رچرڈز کو بھی غمزدہ کردیا
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مئی 2019ء) ورلڈ کپ 2019کے میگا ایونٹ میں ویسٹ انڈیز نے قومی کرکٹ ٹیم کو بری طرح شکست دے دی جسے دیکھ کر سابق ویسٹ انڈین کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مینٹور ویون رچرڈز بھی تڑپ اٹھے۔ایک پاکستانی صحافی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویون رچرڈز کا پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اس کارکردگی سے بہت زیادہ اچھا کھیل پیش کر سکتے ہیں ،میں نے پی ایس ایل میں ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا ہے۔

ویون رچرڈز نے کہا کہ آج جو میں نے پاکستان کی کارکردگی دیکھی اس سے میں بہت مایوس ہو ں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019ءکے دوسرے مقابلے میںویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7وکٹو ں سے ہرا دیا۔ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میںپاکستان کے 106 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں شے ہوپ محمد عامر کی گیند پر بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، ڈیرن براوو بغیر کوئی رن بنائے عامر کی دوسری وکٹ بنے،کرس گیل34گیندوں پر50رنز سکور کرنے کے بعد عامر کا تیسرا شکار بنے،105 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کےخلاف پاکستان کی ٹیم ابتداءسے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی ۔میچ میں پاکستان کو پہلی وکٹ کا نقصان تیسرے اوور میں 17 کے مجموعی سکور پر ہوا جب امام الحق 2 رنز بنا کر شیلڈن کوٹرل کی گیند پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے،اسکے بعد پانچویں اوور میں جب پاکستان ٹیم کا سکور 35 رنز ہوا تو دوسرے اوپنر فخر زمان آندرے رسل کی گیند پر 22 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے،حارث سہیل بھی صرف 8 رنز بنا کر آندرے رسل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے،پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانےوالے بابراعظم بھی وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی،75 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی 8 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے،عماد وسیم صرف ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ شاداب خان صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے،حسن علی بھی صرف ایک رن بنا کر پوویلین لوٹے،محمد حفیظ بھی16رنز بنا کر شارٹ بال کا ہی شکار بنے،پاکستان کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے جنہوں نے 11 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی،ویسٹ انڈیز کی جانب سے تھومس نے 4 جب کہ جیسن ہولڈر نے تین اور آندرے رسل نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔