درخت ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتے ہیں، موسم کو معتدل بناتے ہیں‘الما س حیدر

پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں شجرکاری میں کمی اور اس حوالے سے شعور و آگاہی کے فقدان کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ‘صدر لاہور چیمبر

بدھ 12 جون 2019 17:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2019ء) لاہور چیمبر نے شجرکاری کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت کیے ہیں جس کا مقصد درختوں کی کمی کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو روکنا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات کے کنوینر انجینئر خالد عثمان اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں زاہد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق لاہور چیمبر کمشنر لاہور اور پی ایچ اے کو پچاس پچاس ہزار درخت مہیا کرے گا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں شجرکاری میں کمی اور اس حوالے سے شعور و آگاہی کے فقدان کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں لہذا اس مسئلے کوسنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتے ہیں، صاف ہوا فراہم کرتے ہیں، موسم کو معتدل بناتے ہیں، پانی اور فضا کی آلودگی کو کم کرتے ہیں جبکہ معاشی حوالے سے بھی ان کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کا یہ ٹاسک لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر انجینئر خالد عثمان کو دیا گیا ہے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن مجتبیٰ پراچہ نے لاہور چیمبر کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمتی یادداشت کے بڑے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں درختوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے لہذا شجرکاری میں اضافہ بہت ضروری ہے۔