پنجاب میں 50 لاکھ 51 ہزار 117 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل

ہفتہ 15 جون 2019 17:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کے ہدف کا 95 فی صدسے زائد حاصل کر لیا گیا ہے ،کپاس کی پیداوار کا ہدف 80 لاکھ گانٹھ مقرر کیا گیا گیا ہے ۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیر زراعت نے یہ باتیں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے اجلاس کے موقع پر کیں ۔

انہوںنے کہا کہ 2019-20ء کیلئے 53 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے 8 ملین گانٹھ حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اب تک پنجاب میں 50 لاکھ 51 ہزار 117 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل ہوچکی ہے جو کہ مقرر کردہ ہدف کا 95.31 فیصد ہے اور گزشتہ سال کی نسبت 8.93 فیصد زائد ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فصلوں کی لاگت کاشت میں کمی کیلئے کھادوں پر 2.6 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

بیٹر کاٹن انشیٹیو پروگرام کے تحت 1.055 ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا منصوبہ ہے۔ کپاس کی فصل پرحملہ آور کیڑوں وبیماریوں کی تشخیص و علاج بارے کپاس کے علاقوں میں 336 پلانٹ کلینک قائم کیے گئے ہیں جہاں پر محکمہ زراعت توسیع کے افسران کاشتکاروں کو رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔ 9.40 ملین روپے کی سبسڈی سے کاشتکاروںکو 992 سپرے مشینیں دی گئی ہیں جن میں 675 ہینڈ سپرئیر، 253 پاور سپرئیر اور 63 بوم سپرئیر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :