ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کو کرپٹ اور بزدل قرار دے ڈالا

ٹرمپ نے امریکہ کے روس پر سائبر اٹیک کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 16 جون 2019 06:38

ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کو کرپٹ اور بزدل قرار دے ڈالا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2019ء)   ڈنلڈ ٹرمپ جب سے امریکہ کے صدر بنے ہیں ان کے تنازعات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے۔ٹرمپ کی سب سے پہلی لڑائی میڈیا سے شروع ہوئی تھی جس میں اس نے ایک مخصوص میڈیا گروپ کو تنقید کانشانہ بنایا تھا۔یہاں تک کہ اس میڈیا گروپ کے صحافی کے سوال کاجواب دینے سے بھی انکار کر دیا تھااور ایک موقع پر اسے نیوز کانفرنس سے باہر بھیجنے کے لیے بھی کہہ دیا تھا۔

اس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا مگر ڈونلڈ ٹرمپ آج تک اپنے رویے سے باز نہیں آئے۔وہ وقتاً فوقتاً میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے اور اس پر خوب تنقید کے نشتر برساتے نظر آتے ہیں۔ پہلے دن سے ڈونلڈ ٹرمپ کے میڈیا انڈسٹری سے متعلق خیالات کچھ مثبت نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ انہیں جب بھی موقع ملتا ہے تو وہ میڈیا پر تنقید کرنے سے باز نہیں آتے۔

اب کی بار بھی انہوں نے کچھ ایسا ہی کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیو یارک ٹائم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اس اخبار نے امریکہ سے متعلق جو سٹوری شائع کی ہے وہ غلط اور من گھڑت ہے۔ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں سٹوری سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکہ نے روس پر سائبر اٹیک میں اضافہ کر دیا ہے۔

اس قسم کی خبر شدید غداری کے زمرے میں آتی ہے۔اس ادارے نے خبر لگانے سے قبل اس بات کا زرا بھی دھیان نہیں کیا کہ اس قسم کی خبر دینے سے ہمارے ملک کا کتنا بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ساتھ ہی دوسری ٹویٹ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا ہمارا کرپٹ میڈیا آئے دن کوئی بھی خبر دے دیتا ہے۔میڈیاکچھ بھی ایسا کر لیتا یا چھاپ لیتا ہے جو اس کی مرضی ہوتی ہے۔اور وہ ایسا کرنے میں ذرا بھی نہیں ہچکچاتا اور تھوڑی دیر کے لیے بھی اس کے نتائج سے متعلق نہیں سوچتا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے لوگ عوام کے دشمن ہوتے ہیں۔