ڈیرہ اسماعیل خان، خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی

پیر 17 جون 2019 19:16

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) ڈیرہ اسماعیل خان اوربنوں ڈویژن کے علاوہ دیگر اضلاع میں 17جون بروز پیر سے خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی ہے۔ خصوصی انسداد پولیو مہم ضلع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، ٹانک ، شمالی اور ضلع جنوبی وزیرستان کے ساتھ ساتھ ضلع شانگلا، بونیر اور تورغر میںبھی محکمہ صحت کے افسران، کمشنران/ ڈپٹی کمشنران اور سکورٹی فراہم کرنے والے اداروں کی سربراہی و سرپرستی میں چلائی جارہی ہے ۔

اس مہم کا فیصلہ ایمر جنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کو ارڈنیٹر کیپٹن (ر) کامران احمدآفریدی کی زیر صدارت ہونے والی اعلیٰ سطح اجلاس میں ہو ا جس میں ڈا ئر یکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ ،ٹیکنیکل فو کل پرسنز،این سٹاپ افسر اور یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے ٹیم لیڈ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس گھرگھرمہم کے دوران 11 لاکھ 4ہزار23 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز پر مشتمل 4710ٹیمیں تشکیل دی گیں ہیں جس میں 3ہزار127موبائل ،260فکسڈ ، 235ٹرانزٹ، 1028کیمونٹی ہیلتھ ورکرز اور60رو منگ ٹیمیں شامل ہیںجن کی نگرانی کے لئے 836ایریا انچارجز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔

اس موقع پرایمر جنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈنیٹر کیپٹن (ر) کامران احمدآفریدی نے کہا کہ ہر بچے کو ہر بار انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو قطرے پلوانا ہی پولیو خاتمے کے حصول کا واحدذریعہ ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پولیو کیسز سامنے آنے کی سب سے بڑی وجہ انکاری والدین ہیں، جن کے ذہنوں میں پھیلائی گئی افواہوں، جھوٹی خبروں اور پروپگنڈوں کی وجہ سے پیدا کیے گئے شکوک ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ افواہوں، جھوٹی خبروں اور پروپگنڈوں پہ کان نہ دھریں کیونکہ پولیو ویکسین محفوظ ترین ویکسین ہے ۔