حکومت صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے ،محمد اشتیاق ارمڑ

پیر 17 جون 2019 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ان کی حالت زندگی میں حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بہتر طرز حکمرانی کی بدولت کرپشن کے سارے راستے بند کر دئیے ہیں عوام جلد ہی نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے وہ اپنے دفتر پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری بہارعلی فتوعبدالرحیمہ پشاور کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر محکمہ جنگلی حیات کے افسران بھی موجود تھے وفد نے صوبائی وزیر کو صحت و تعلیم آب و نوشی، گیس ،بجلی اور روزگار کی فراہمی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا صوبائی وزیر ماحولیات نے وفدکی معروضات توجہ اور ہمدردی سے سُنیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور عدم توجہ کی وجہ سے عوامی مسائل نے گھمبیر شکل اختیار کر رکھی ہے کسی بھی محکمے میں خالی پوسٹوں پر بھرتی کے لیے چار ہزار سے زائد افراد کوششیں کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے مسائل کا احساس ہے اور موجودہ حکومت نے شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام متعارف کروایا ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت نے شرح خواندگی بڑھانے کے لئے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو وفد کے جائز مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر وفد نے صوبائی وزیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔