پی آئی ٹی بی کی’راستہ ‘موبائل ایپ سے پونے 2 لاکھ شہریوں کا استفادہ،عنقریب سیالکوٹ کیلئے دستیاب ہو گی‘ٹریفک بارے فوری آگاہی ممکن

منگل 18 جون 2019 18:00

پی آئی ٹی بی کی’راستہ ‘موبائل ایپ سے پونے 2 لاکھ شہریوں کا استفادہ،عنقریب ..
لاہور۔18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی سٹی ٹریفک پولیس لاہور کیلئے وضع کردہ ’’راستہ‘‘ موبائل ایپ عنقریب سیالکوٹ کے شہریوں کیلئے بھی دستیاب ہو گی اور وہ بھی شہر میں ٹریفک کے دبائو اور دیگر متعلقہ معلومات موبائل میں حاصل کر سکیں گے۔فی الوقت موبائل ایپ کو لاہور اور ملتان کے ایک لاکھ تراسی ہزار سے زائد شہری ڈائون لوڈ کر چکے ہیں اور ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی سے وقت اور فیول کی بچت میں انہیں خاصا ریلیف حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایپ میں ای لائسنس‘ ای ٹیسٹنگ ‘ ایمرجنسی ون فائیو سمیت دیگر خدمات اور معلومات بھی موجود ہیں۔ شہری ایپ میں ٹریفک کے دبائو بارے معلومات خودکار الرٹس کے ذریعے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔اب تک ڈیڑھ لاکھ اینڈرائڈ اور تقریباً چونتیس ہزار آئی او ایس موبائل سسٹم صارفین اسے ڈائون لوڈ کر چکے ہیں۔پی آئی ٹی بی کے ایک جائزہ اجلاس میں چیئرمین اظفر منظور نے راستہ ایپ کی کارکردگی کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں ایپ کا دائرہ کار پنجاب کے مزید شہروں تک پھیلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔