سیاحت کے فروغ کے لیے ایئر لائنز کو خصوصی مراعات دینے کا اعلان

جو بھی ایئرلائن سیاحتی مرکز کے قرب و جوار میں واقع چھوٹے ایئر پورٹس پر بھی فلائٹ کا آغاز کریں گی تو ان سے لینڈنگ ہائوسنگ نیوی گیشن چارجز نہیں لئے جائیں گے، وفاقی وزیربرائے ہوابازی

بدھ 19 جون 2019 16:47

سیاحت کے فروغ کے لیے ایئر لائنز کو خصوصی مراعات دینے کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2019ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے سیاحت کے فروغ کیلیے ایئرلائنز کو خصوصی مراعات دینے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ چھوٹے ایئرپورٹ پرلینڈنگ ،ہائوسنگ اورنیوی گیش چارجزنہیں لیے جائیں گے۔وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ایوی ایشن ڈویژن میں اہم اجلاس کی صدارت کی، وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ کے ویژن پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، جو بھی ایئرلائن سیاحتی مرکز کے قرب و جوار میں واقع چھوٹے ایئر پورٹس پر بھی فلائٹ کا آغاز کریں گی تو ان سے لینڈنگ ہائوسنگ نیوی گیشن چارجز نہیں لئے جائیں گے۔

غلام سرور خان نے کہاکہ لائسنس پانچ برس کے لیے دیا جائے گا، ایروناٹیکل سروسز کا کرایہ بھی نہیں لیا جائے گا اور لائسنس حاصل کرنے والی فضائی کمپنی کے لئے خصوصی رولز اپلائی ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے کہاکہ سوشل اکنامک روٹس پر فضائی کمپنی کو ٹیکس میں ایف بی آر سے خصوصی مراعات دینے کی سفارش کی جائے گی ، مذکورہ روٹس پر زیادہ سے زیادہ 40 سیٹوں والا جہاز لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی، مذکورہ پالیسی وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ترتیب دی گئی ہے۔

اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا مختلف ایئرپورٹس پر غیر ملکی سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھی دورے کیے تھے اور مسافروں کے بیگ کی ریپنگ کی تجاویز دی گئی۔غلام سرور خان نے کہاکہ تمام بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ایک سے زائد ریپنگ مشینیں نصب کی جائیں اور مسافروں کے سامان کی ریپنگ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ مسافروں کے بیگوں میں سے چوری کے واقعات کی روک تھام کی جائے۔