لمبے عرصے کیلئے مسلسل طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، تباہ کن صورتحال پیدا ہو جائے گی

محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے 20 اگست تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور بارشوں کے باعث سیلاب کی پیش گوئی کر دی

بدھ 19 جون 2019 20:20

لمبے عرصے کیلئے مسلسل طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، تباہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) لمبے عرصے کیلئے مسلسل طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، تباہ کن صورتحال پیدا ہو جائے گی، محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے 20 اگست تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور بارشوں کے باعث سیلاب کی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے 20 اگست تک کے عرصے کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور بارشوں کے باعث سیلاب کی پیش گوئی کر دی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے لاہور کے شہریوں اور متعلقہ محکموں کے لئے جاری کی گئی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں پری مون سون رواں ماہ کے آخری ہفتے میں شروع ہو جائے گا جبکہ 20 جولائی تک شہر میں ہلکی بارشیں ہوں گی۔ جس سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

اس طرح 20 جولائی سے 20 اگست تک بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ جس سے پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت لاہور کے اربن علاقہ میں شدید سیلاب آئے گا جبکہ دوسری طرف اربن علاقہ میں مکانوں سمیت اندرون شہر میں واقعہ خستہ مکانوں کو انتہائی خطر ناک قرار دیتے ہوئے ان مکانوں میں مقیم رہائشیوں کو فوری طور پر نکالنے کا حکم دیا ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی وارننگ کے بعد ریسکیو 1122 نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لئے ہنگامی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز دریائے راوی کے پانی میں ریسکیو مشقیں کی گئیں جس میں ریسکیو 1122 ، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مشقوں میں دریائے راوی کے پانی میں فرضی ڈوبنے والے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔