پاکستان کو پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے قانونی تحفظ میں حصے اور اپنے تاریخی کردار پر فخر ہے،شاہ محمود قریشی

جمعرات 20 جون 2019 21:57

پاکستان کو پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے قانونی تحفظ میں حصے اور اپنے تاریخی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے قانونی تحفظ میں حصے اور اپنے تاریخی کردار پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ 70ء کی دہائی میں برمی مہاجرین سے لے کر 90ء کے اوائل میں بوسنیائی مہاجرین تک پاکستان نے ہمیشہ تحفظ اور پناہ کے متلاشی مہاجرین کی مذہبی، نسلی اور قومی تفریق کے بغیر دل کھول کر میزبانی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ لاکھوں افغان مہاجرین کے 40 سال مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان کے عوام نے اپنے گھر اور دل ان کیلئے کھول دیئے اور پاکستانی عوام نے افغان بہن بھائیوں کیلئے میزبانی کا مثالی مظاہرہ کیا۔ اگرچہ ہمارے وسائل کم تھے لیکن ہم نے ہمیشہ سخاوت اور بھرپور میزبانی کی اقدار کا مظاہرہ کیا۔ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بینک اکائونٹ کھولنے کی اجازت دے کر حکومت پاکستان نے ان اقدار کی بھرپور عکاسی کی ہے۔ پاکستان یو این ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے کام کو سراہتا ہے۔