امریکا اور ایران کی سائبرجنگ‘تہران کے میزائل کنٹرول نظام کو نشانہ بنایا گیا. امریکی ادارے کا دعوی

فوجی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد صدر ٹرمپ نے سائبرحملوں کا حکم دیا ‘حملے کی تیاریاں کئی ہفتوں سے جاری تھیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 23 جون 2019 14:06

امریکا اور ایران کی سائبرجنگ‘تہران کے میزائل کنٹرول نظام کو نشانہ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جون۔2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے میزائل کمپیوٹر سسٹم پر سائبرحملے کی منظوری دے دی ہے. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے فوجی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد ایران کے میزائل پروگرام کے کمپیوٹرسسٹم کو نشانہ بنانے کی اجازت دی جس کے بعد ایرانی کمپیوٹرسسٹم پر سائبر حملہ کیا گیا.

نشریاتی ادارے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی میزائل سسٹم پر امریکی ہیکروں نے جمعرات کی رات حملہ کیا‘ یہ ہیکرز کئی مہینوں نہیں بلکہ کئی ہفتوں سے تیاری میں مصروف تھے یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ تھا.

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع پینٹاگان نے خلیج ع±مان میں دو تیل بردار جہازوں پرحملوں کے بعد ایرانی میزائل لانچنگ سسٹم پر حملے کی تجویز پیش کی تھی.

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب پرحملے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی رائے شامل تھی، تاہم واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ کارروائی انتہائی حساس نوعیت کی تھی جس کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی. ان انکشافات پر ابھی تک وائٹ ہاﺅس کی طرف سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا‘ امریکی سائبر کمانڈ کے عہدیدار بھی خاموش ہیں تاہم پینٹا گان کی ترجمان الیسا سمیتھ کا کہنا ہے کہ سائبرکارروائیوں، انٹیلی جنس اورپلاننگ سے متعلق اقدامات کو پبلک میں زیربحث نہیں لایا جاتا.

دو امریکی عہدیداروں نے کہا کہ ایران کے کمپیوٹرسسٹم پر سائبرحملے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن کی تجویز پرعمل درآمد کرتے ہوئے کیے گئے ا±نہوں نے ایران کے سائبر سسٹم پر تابڑ توڑ حملوں کی تجویز پیش کی تھی. امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا کہ سائبر حملے کی مدد سے ان کمپیوٹر سسٹمز کو روکا گیا جن سے راکٹ اور میزائل لانچر کنٹرول کیے جاتے ہیں.

سائبرحملوں کا مقصد ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ہتھیاروں کو کمزور کرنا تھا ایران نے ان ہی ہتھیاروں کی مدد سے امریکی ڈرون گرایا تھا اور امریکہ کے مطابق تیل کے ٹیکرز پر حملہ بھی ان سے کیا گیا تھا‘ سائبر حملے سے یہ سسٹمز بند ہوگئے تھے‘حملے کا مقصد سسٹمز کو کچھ دیر کے لیے آف لائن کرنا بتایا گیا ہے. امریکہ کے ادارہ برائے داخلی سلامتی نے ہفتے کو کہا تھا کہ ایران خود امریکہ پر سائبر حملے کر رہا ہے.