ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت کا عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت نےAL-43 ہیلی کاپٹر سمیت عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ کیا

پیر 24 جون 2019 13:16

ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2019ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت نےAL-43 ہیلی کاپٹر سمیت عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ کیا۔ پی این ایس ا صلت شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول(ویسٹ) کے ضمن میں تعینات ہے جس کا بنیادی مقصد ان پانیوں کو بین الاقوامی تجارت کے لئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے ۔یہ جہاز پاک بحریہ کے بیڑے کا صف اول کا جنگی جہاز اور سورڈ کلاس فریگیٹ پراجیکٹ کا چوتھا جہاز ہے جس کی تعمیر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کراچی میں ہوئی ہے ۔

یہ جہاز جدید ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس ہے جو مختلف النوع خطرات سے نمٹنے کے لئے کسی بھی قسم کے میری ٹائم آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
 صلالہ بندرگاہ آمد پر ، عمانی بحریہ کے اعلی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

مسقط میں تعینات پاکستان کے ڈیفنس اتاشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔بندرگاہ پر قیام کے دوران، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس اصلت کیپٹن شفیق الرحمن نے کمانڈنگ آفیسرصلالہ نیول یونٹ اور کمانڈر II انفنٹری بریگیڈ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔

ملاقاتوں کے دوران ،کمانڈنگ آفیسر پی این ایس اصلت نے چیف آدی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے عمان کی عوام کے لئے بالعموم اور عمانی نیوی کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پی این ایس ا صلت کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کا مظہر ہے ۔
بندرگاہ قیام کے دوران جہازپر ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مسقط میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹراطہر سلمان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز، چین کے ڈیفنس اتاشی ،چینی بحری جہاز XIANکے کمانڈنگ آفیسراور عمان میں مقیم نمایاں پاکستانیوں نے ضیافت میں شرکت کی ۔ بعد ازاں،پاک بحریہ کے جہاز کوعام عوام کے لئے کھول دیا گیاجس کے دوران سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز، جوانوں اور عمان میں مقیم پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد نے جہاز کا دورہ کیا۔


 دورے کے اختتام پرپی این ایس ا صلت نے عمانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ باہمی مشق کا انعقاد کیا اور بعدازاں،شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول(ویسٹ) کا دوبارہ آغاز کردیا۔پاکستان اور عمان مذہب اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاک بحریہ کے جہازپی این ایس ا صلت کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ کا باعث بنے گا۔