پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن کل منایا جائے گا

منگل 25 جون 2019 13:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) : پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن کل 26جون بروز بدھ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔اس دن کے منانے کا مقصد یہ ہے کہ جو لوگ منشیات کا استعمال کر تے ہیںانہیں منشیات کے مضر اثرات ، اس سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات اور منشیات کے استعمال سے روکا جا سکے۔

انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، کانفرنسز ، سیمینارز ، واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔ الائیڈ ہسپتال و فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین طب نے بتا یاکہ اگرچہ منشیات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر کئی قوانین موجود ہیں اور انسداد منشیات کے بہت سے نیٹ ورک بھی قائم کئے گئے ہیں لیکن پھربھی یہ لعنت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم انسداد منشیات کے موقع کی مناسبت سے ملک میں منشیات کے استعمال کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کو سوسائٹی میں شعور عام کرنے میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا چا ہیے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو یہ علم ہی نہیں ہے کہ منشیات کے عادی افراد کا علاج کر کے انہیں نشے کی لت سے کیسے بچایا جا سکتا ہے۔انہوںنے بتا یاکہ ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 70سے 80لاکھ افراد اس لعنت کا شکار ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ حالیہ سروے کے مطابق ملک میں ہیروئن کا استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ ہے جن میں 15فیصد انجکشن کے ذریعے نشہ کرتے اور نشہ کرنے والوں کی عمریں 15سے 35سال تک ریکارڈ کی گئیں۔