26ویں نیشنل جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ،پنجاب کی4 ٹیموں کیلئے 14کھلاڑیوں کا انتخاب

کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے بہترمواقع فراہم کررہے ہیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب

منگل 25 جون 2019 19:36

26ویں نیشنل جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ،پنجاب کی4 ٹیموں کیلئے 14کھلاڑیوں ..
لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہونیوالی 26ویں نیشنل جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ کیلئے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں پنجاب کی ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائلزہوئے جس میں 36اضلاع کے 150سے زائد لڑکے اور لڑکیوں نے ٹرائلز میں حصہ لیا،سلیکشن کمیٹی نے پنجاب کی4 ٹیموں کیلئے 14کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ، انڈر18بوائز اور گرلز کیلئی4،4 اور انڈر15بوائز اور گرلز کیلئے 3،3 کھلاڑی منتخب کئے گئے، چیمپیئن شپ میں5کیٹیگریز میں مقابلے ہوںگے ، جن میں جونیئر بوائز ٹیم ایونٹ ، جونیئر گرلز ٹیم ایونٹ، کیڈٹ بوائز ٹیم ایونٹ، کیڈٹ گرلز ٹیم ایونٹ، آل سنگل اور ڈبل ایونٹ کے مقابلے شامل ہیں،چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب آج 26جون کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہونگے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا کہ ٹیبل ٹینس نوجوانوں کا مقبول کھیل اور ہمارے کھلاڑی قومی سطح پر ہونیوالے ٹائیٹلز جیت چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے بہترین مواقع فراہم کررہا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے ویژن کے مطابق اہم اقدامات کررہے ہیں جس سے سپورٹس کاکلچر فروغ پارہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو چیمپیئن شپ میں بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، دوسرے شہروں سے آنیوالے کھلاڑیوں کو بہترین رہائش اور کھانا دیا جائے گا، چیمپیئن شپ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔