جی 20 اجلاس سے قبل سعودی ولی عہد جنوبی کوریا کے دورے پرروانہ

محمدبن سلمان مون جے ان اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،شاہی دیوان

بدھ 26 جون 2019 13:19

جی 20 اجلاس سے قبل سعودی ولی عہد جنوبی کوریا کے دورے پرروانہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2019ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 اجلاس میں شرکت سے قبل جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کی دعوت پرسیول روانہ ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی کوریا کے صدر مون جیان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کریں گے۔ جنوبی کوریا کے دورے کے بعد سعودی ولی عہد ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ جاپان کے شہر اوساکا میں جون کے آخر میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے شاہی دیوان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور جنوبی کوریا کے صدر کی طرف سے دعوت قبول کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کوجنوبی کوریا کے دورے پرروانہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ولی عہد جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت دیگر اہم مسائل پربات چیت کریں گے۔ اس کے بعد ولی عہد جاپان میں منعقد ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کیلیے اوساکا روانہ ہوجائیں گے۔